ہندوستان کے حالات سری لنکا جیسے نہیں ہوں گے: یشونت سنہا
یشونت سنہا نے کہاکہ سری لنکا کی معیشت بنیادی طور پر سیاحت پر مبنی ہے اور کووڈ کی وجہ سے بہت زیادہ منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ دوسری طرف، ہندوستان کی معیشت صرف چند صنعتوں پر مبنی نہیں ہے۔
بھوپال: اپوزیشن پارٹیوں کے صدارتی امیدوار اور ملک کے سابق وزیر خزانہ یشونت سنہا نے سری لنکا کا ہندوستانی معیشت سے موازنہ کرنے کے معاملے پر آج کہا کہ ہندوستان کی صورتحال سری لنکا جیسی نہیں ہوگی۔ صدارتی انتخاب کے سلسلے میں یہاں اپنے قیام پر آئے سہنا نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران یہ بات کہی۔
سری لنکا میں اقتصادی بدحالی کے سبب وہاں پیدا ہوئے موجودہ حالات کا ہندوستانی معیشت سے موازنہ کرنے کے سوالوں کے جواب میں مسٹر سنہا نے کہا کہ ہندوستان کی صورتحال سری لنکا جیسی نہیں ہوگی۔
سری لنکا کی معیشت بنیادی طور پر سیاحت پر مبنی ہے اور کووڈ کی وجہ سے بہت زیادہ منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ دوسری طرف، ہندوستان کی معیشت صرف چند صنعتوں پر مبنی نہیں ہے۔
اس دوران انہوں نے ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی یا مرکزی حکومت کو اس معاملے میں جواب دینا چاہیے۔ سنہا کل شام بھوپال آئے تھے۔ انہوں نے کل شام سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ سے بھی ملاقات کی۔