برقی کی مفت سربراہی تک عوام لائٹ بلز ادا نہ کریں، کے ٹی آر کا مشورہ
بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے کارگزار صدر کے تارک راما راؤ نے ہفتہ کے روز تلنگانہ عوام سے کہا کہ وہ اس وقت تک برقی بلز ادا نہ کریں جب تک، کانگریس حکومت، انتخابی وعدہ کے مطابق تمام گھریلو صارفین کو برقی مفت سربراہ نہیں کرتی۔
حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے کارگزار صدر کے تارک راما راؤ نے ہفتہ کے روز تلنگانہ عوام سے کہا کہ وہ اس وقت تک برقی بلز ادا نہ کریں جب تک، کانگریس حکومت، انتخابی وعدہ کے مطابق تمام گھریلو صارفین کو برقی مفت سربراہ نہیں کرتی۔
انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے اُن الفاظ کو دہرایا جس میں ریونت ریڈی نے انتخابی مہم کے دوران یہ کہا تھا کہ کانگریس کے برسر اقتدار آنے کے بعد کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی، برقی بلز ادا کریں گی۔
اگر عہدیدار، برقی بلز کی ادائیگی کے بارے میں کہیں تو ان عہدیداروں کو ریونت ریڈی کا یہ ویڈیو دکھائیں۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ عوام سے کہا کہ وہ، اپنے برقی بلز کو سونیا گاندھی کے مکان نئی دہلی کے 10جن پتھ کے پتہ پر روانہ کریں۔
بی آر ایس قائد نے دعویٰ کیا کہ گرہا جیوتی اسکیم کے تحت کانگریس نے گھریلو صارفین کو برقی مفت سربراہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
کے ٹی آر نے ریاست کی کانگریس حکومت پر زور دیا کہ وہ استقدامی اثر کے ساتھ گرہا جیوتی اسکیم کو لاگو کرے اور اس اسکیم کا اطلاق کرائے داروں پر کریں جو کرائے کے مکانات میں مقیم ہیں۔
انہوں نے کانگریس حکومت سے مہا لکشمی اسکیم کے تحت ریاست کی خواتین میں فوری طور پر فی کس 2500 روپے تقسیم کرے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس، انتخابی وعدوں کو پورا کرنے سے راہ فرار اختیار کرتی ہے تو بی آ رایس، ریاستی حکومت کو نہیں بخشے گی۔ کے ٹی آر پارٹی ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں پارلیمانی حلقہ جات حیدرآباد اور سکندرآباد کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔