حیدرآباد

ہندو بادشاہت کے قیام سے ملک کوخطرہ : پرکاش کرت

سی پی ایم کے پولٹ بیورو رکن پرکاش کرت نے آج خبردارکیاکہ ہندوبادشاہت کے قیام سے ملک کو سنگین خطرہ رہے گا۔

حیدرآباد: سی پی ایم کے پولٹ بیورو رکن پرکاش کرت نے آج خبردارکیاکہ ہندوبادشاہت کے قیام سے ملک کو سنگین خطرہ رہے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہندوستان کے آئین پرحلف لیتے ہوئے وزیر اعظم بننے کے بعد پی ایم نریندر مودی کی زیرقیادت مرکزی حکومت ہندوراشٹراکے قیام کے لئے سخت کوشش کررہی ہے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم مودی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی آواز کودبانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جولوگ ملک پر حکومت کررہے ہیں انہوں نے ملک کی تحریک آزادی میں حصہ نہیں لیا۔

مخالف عوام‘ڈکٹیٹراور فرقہ پرست بی جے پی اور مودی کوملک سے بھگانے کے نعرہ کے ساتھ یہاں وجئے واڑہ شہرمیں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پرکاش کرات نے یہ بات کہی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کرت نے دائیں بازو کی تنظیم آر ایس ایس کوشدید تنقید کانشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ یہ تنظیم (آرایس ایس) عوام سے یہ کہہ رہی ہے کہ وہ ملک کے آئین کے بجائے منوسمرتی پرعمل کریں۔

انہوں نے سی بی آئی‘ ای ڈی اورآئی ٹی ایجنسیوں کا بیجا استعمال کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کوہراساں کرنے پر مرکز کوشدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ مودی حکومت‘ ملک میں مسلمانوں کے خلاف فرضی مقدمات دائر کررہی ہے اور لوجہاد کے علاوہ گاو ذبیحہ کے نام پر نت نئے قوانین بنارہی ہے۔

صنعت کار گوتم اڈانی کوشدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے پرکاش کرت نے کہاکہ 2014 سے 2022 تک اڈانی کے اثاثوں میں غیر معمولی اضافہ ہواہے۔ 2014 میں اڈانی کے اثاثوں کی مالیت 50 ہزار کروڑ تھی جو 2022 میں بڑھ کر یہ 10.5لاکھ کروڑ ہوگئے۔سی پی ایم قائد نے مزید کہاکہ مودی حکومت میں عدم مساوات میں اضافہ ہوا ہے۔

ملک میں افراط زر میں اضافہ سے غریب اور متوسط طبقہ کوشدید مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت صنعت کاروں پر دیلتھ اور دیگر ٹیکس عائد کرنے سے گریز کررہی ہے۔

ملک کے زرعی شعبہ کودرپیش بحران کاتذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے زرعی شعبہ کودرپیش بحران کے لئے مودی حکومت کوذمہ دارقرار دیا اور یاد دلایا کہ تین سیاہ قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج کے باعث آخرکارمودی نے ان تین سیاہ بلز کوواپس لینے کا اعلان کیا۔

وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کوخانگیانے سے متعلق مرکزی حکومت کی پالیسی کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت اب مسئلہ کو زیر التواء رکھنے کی بات کہہ رہی ہے۔

آندھراپردیش کی حکمراں جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے پرکاش کرت نے کہاکہ جگن کی حکومت‘ مرکز کی بی جے پی حکومت کی ہربل کی تائید کررہی ہے اگرچیکہ ریاست میں زعفرانی پارٹی اقتدار میں نہیں ہے مگر اس کے باوجود جگن کی حکومت ریاست میں بی جے پی کی تمام پالیسیوں کورائج کررہی ہے۔