ہند۔آسٹریلیا‘ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل کھیلیں گے:پانٹنگ
آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کا ماننا ہے کہ میزبان آسٹریلیا اور ہندوستان اس سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20ورلڈکپ کے فائنل کے مضبوط دعویدار ہیں۔
ملبورن: آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کا ماننا ہے کہ میزبان آسٹریلیا اور ہندوستان اس سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20ورلڈکپ کے فائنل کے مضبوط دعویدار ہیں۔
آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلز کے کوچ پونٹنگ نے کہاکہ میرے خیال میں ہندوستان اور آسٹریلیا فائنل کھیلنے والی دو ٹیمیں ہوں گی اور آسٹریلیا انہیں فائنل میں شکست دے گا۔ دفاعی چمپئنس کے پاس گھریلو حالات ہیں اور یہی وہ چیز تھی جس نے گزشتہ ورلڈکپ میں آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں ہندوستان اور آسٹریلیا دونوں نے دو بار فائنل کھیلا ہے لیکن ایک بار بھی ایک دوسرے کے خلاف نہیں کھیلا ہے۔
2007 میں ٹیم انڈیا نے پاکستان کو شکست دیکر پہلا ورلڈ کپ جیتا تھا جبکہ 2014 میں اسے سری لنکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ آسٹریلیا نے گزشتہ سال نیوزی لینڈ کو شکست دیکر اپنا پہلا ورلڈ کپ جیتا تھا اور اس سے قبل اسے2010 کے فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پانٹنگ ایک طویل عرصہ سے برینڈن میکلم کے مداح ہیں اور حال ہی میں کیویز نے اپنے دور میں جو کچھ کیا ہے اس سے وہ متاثر ہوئے ہیں۔ پونٹنگ انگلینڈ کے نئے محدود اوورز کے کوچ میتھیو موٹ سے بھی واقف ہیں اور انہوں نے انگلینڈ کو ہندوستان اور آسٹریلیا کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا۔
میں واقعی میں سوچتا ہوں کہ انگلینڈ ایک عظیم وائٹ بال ٹیم ہے اور ان کے پاس وائٹ بال کا زبردست سیٹ اپ ہے۔ میرے خیال میں کاغذ پر وہ تین ٹیمیں جو سب سے زیادہ کلاس اور سب سے زیادہ میچ جیتنے والی ٹیمیں ہیں وہ ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ ہیں۔
پانٹنگ نے پاکستانی ٹیم کو مشورہ دیا کہ وہ کپتان بابراعظم پر زیادہ انحصار سے گریز کرے۔ پونٹنگ نے کہاکہ میں نے بابر کو کچھ سال پہلے آسٹریلیا میں کھیلتے ہوئے دیکھا تھا اور تب سے وہ بہتر ہورہا ہے۔
پاکستان کیلئے اوپننگ جوڑی اور نئی گیند کے ساتھ بولنگ بہت اہم ہوگی۔ آسٹریلیا کی پچوں پر اسپن اتنا بڑا کردار ادا نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم کے پاس بہترین فاسٹ بولرس ہیں۔