یوم آزادی سے قبل دہلی میں اسلحہ کی بڑی کھیپ ضبط
یوم ِ آزادی سے چند دن قبل دہلی پولیس نے اسلحہ کی بھاری کھیپ برآمد کی اور 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایک عہدیدار نے جمعہ کے دن یہ بات بتائی۔
نئی دہلی: یوم ِ آزادی سے چند دن قبل دہلی پولیس نے اسلحہ کی بھاری کھیپ برآمد کی اور 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایک عہدیدار نے جمعہ کے دن یہ بات بتائی۔ ملزمین کے نام اجمل خان‘ راشد عرف للن‘ پرکشت نیگی‘ صدام‘ کامران اور ناصر بتائے گئے ہیں۔
اسپیشل میڈیا بریفنگ میں ڈپٹی کمشنر پولیس(ایسٹ) پرینکا کشیپ نے بتایا کہ 6 اگست کو 2 پولیس والے ایسٹ ڈسٹرکٹ ایریا میں پٹرولنگ ڈیوٹی پر تھے کہ صبح 6:30 بجے کے آس پاس ان کی نظر 2 مشتبہ افراد پر پڑی جو ایک ٹرالی بیاگ لے جارہے تھے۔
پولیس کو دیکھتے ہی یہ دونوں تیز تیز چلنے لگے۔ پولیس نے انہیں روک لیا اور تلاشی لی۔ ان کے قبضہ سے 2251 کارآمد کارتوس بشمول مختلف قسم کا بیرونی اسلحہ برآمد ہوا۔ اجمل اور راشد کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت کیس درج ہوا۔
مسلسل پوچھ تاچھ پر دونوں نے بتایا کہ انہوں نے یہ اسلحہ دہرہ دون میں ایک شخص سے حاصل کیا تھا اور اسے لکھنو میں ایک آدمی تک پہنچانا تھا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ سابق میں چار پانچ مرتبہ ایسی کھیپ پہنچاچکے ہیں۔ یوم آزادی کے مدنظر اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیا گیا۔
ایک پولیس ٹیم لکھنو بھیجی گئی جہاں اس نے کئی مقامات پر دھاوے کئے اور ضلع جونپور کے ایک موضع سے صدام کو پکڑلیا جسے اسلحہ کی یہ کھیپ پہنچائی جانے والی تھی۔ پولیس کی دوسری ٹیم نے دہرہ دون میں غیرقانونی اسلحہ کا ذریعہ معلوم کیا۔ ٹیکنیکل سرویلانس کے ذریعہ ملزم پرکشت نیگی کی پہچان کی گئی جو دہرہ دون میں گن ہاؤز (آرموری) چلاتا ہے۔ پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔
دہلی لاکر اس سے مسلسل پوچھ تاچھ کی گئی۔ نیگی نے بتایا کہ اس نے اتراکھنڈ کے مختلف گن ہاؤزس سے اسلحہ خریدا تھا۔ اپنے گن ہاؤز کے ریکارڈ میں الٹ پھیر کے بعد اس نے یہ اسلحہ ملزمین کو سپلائی کردیا۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ وہ سابق میں چار پانچ مرتبہ ملزمین کو اسلحہ دے چکا ہے۔
ڈی سی پی پرینکا کشیپ نے بتایا کہ سنڈیکیٹ میں مزید 3 آدمی ہیں جن کا بعد میں پتہ چلا۔ انہیں بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔ مزید اسلحہ بھی ضبط ہوسکتا ہے۔