امریکہ و کینیڈا

خون جما دینے والی ٹھنڈ سے امریکہ میں11ہلاک، شہری ہنگامی صورت حال میں 311 پر فوری کال کریں: میئر زہران ممدانی

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ شدید برفانی طوفان کے باعث امریکا بھر میں 17 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ اور 10 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں۔

واشنگٹن : خون جما دینے والی ٹھنڈ سے امریکہ میں 11 افراد ہلاک ہوگئے، میئر زہرانی ممدانی نے شہریوں کو گھر پر پرانے شوز دیکھنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

متعلقہ خبریں
پرینکا چوپڑا نے بالی ووڈ چھوڑنے کی وجہ بتاتی

نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل اور میئر زہران ممدانی نے بڑھتی ہوئی ٹھنڈ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی اور بتایا کہ  اب تک 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

پیر کو نیویارک سٹی کے اسکولوں میں آن لائن کلاسز ہوں گی۔ انھوں نے کہا سڑکوں سے برف ہٹانے کے لیے وسائل استعمال کر رہے ہیں، عملے کی تعداد 2 ہزار سے بڑھا کر 2500 کر دی گئی اور برف ہٹانے کے لیے عملہ 12 گھنٹے کی شفٹوں میں کام کر رہا ہے۔

ممدانی نے بتایا کہ برفباری سے سڑکیں، فٹ پاتھ اور گاڑیاں ڈھکی ہوئی ہیں، عوام کے لیے 126 پناہ گاہیں، 50 اسپتال، 35 سیف سینٹر کھلے ہیں، شہریوں کو سردی سے بچانے کے لیے 10 وارمنگ سینٹرز کھولے گئے، شہری ہنگامی صورت حال میں 311 پر فوری کال کریں۔

گورنر کیتھی ہوچل نے کہا کہ نیویارک کو موسم سرما کے سب سے شدید طوفان کا سامنا ہے، شہر بھر میں انتہائی سخت اور خون جما دینے والی ٹھنڈ ہے اور واٹر ٹاؤن شہر میں منفی 34 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، کوپن ہیگن میں منفی 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ نیویارک کے مختلف حصوں میں 8 سے 18 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے، اس لیے عوام غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق تقریباً 9 کروڑ افراد کے لیے انتہائی شدید سردی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ شدید برفانی طوفان کے باعث امریکا بھر میں 17 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ اور 10 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق 24 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، 15 ریاستوں میں ایک فٹ سے زائد برف پڑچکی ہے۔

واشنگٹن میں آج وفاقی دفاتر بند ہیں جبکہ نیویارک سٹی کے اسکولوں میں آن لائن کلاسز لی جارہی ہیں۔