جنوبی افریقہ سے 12 چیتےمدھیہ پردیش لائے گئے
جنوبی افریقہ سے مدھیہ پردیش لائے جانے کے چند گھنٹے بعد 12 چیتے ضلع شیوپور کے کنو نیشنل پارک (کے این پی) کے کوارنٹائن انکلوژر میں چھوڑدیئے گئے۔
شیو پور(ایم پی): جنوبی افریقہ سے مدھیہ پردیش لائے جانے کے چند گھنٹے بعد 12 چیتے ضلع شیوپور کے کنو نیشنل پارک (کے این پی) کے کوارنٹائن انکلوژر میں چھوڑدیئے گئے۔
مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان اور مرکزی وزیر ماحولیات و جنگلات بھوپیندر یادو نے چیتوں کو انکلوژرس میں چھوڑا جو صبح 10 بجے کے آس پاس ہندوستانی فضائیہ(انڈین ایرفورس / آئی اے ایف) کے طیارہ میں لکڑی کے ڈبوں میں گوالیار ایرپورٹ پہنچے تھے۔
گوالیار سے انہیں فضائیہ کے ہیلی کاپٹرس میں کنو نیشنل پارک لایا گیا۔ ان میں 7 نر اور 5 مادہ ہیں۔ گزشتہ برس ستمبر میں نامیبیا سے 8 چیتے لاکر کے این پی میں چھوڑے گئے تھے۔
12 چیتوں کے اضافہ کے بعد کے این پی میں چیتوں کی جملہ تعداد 20 ہوگئی ہے۔ جنوبی افریقہ سے لائے گئے چیتوں کو کم ازکم ایک ماہ کوارنٹائن انکلوژرس میں رکھا جائے گا۔
انہیں جنگل میں چھوڑنے کا فیصلہ بعدازاں ہوگا۔ کنو نیشنل پارک جو چیتوں کا نیا ٹھکانہ بن گیا ہے‘ وندھیاچل پہاڑوں کی شمالی سمت میں واقع ہے اور 700 مربع کیلومیٹر میں پھیلا ہوا ہے۔