مشرق وسطیٰ
اسرائیل کے صحرائے نیگیو میں ملے 1200 سال پرانے فارم ہاؤس
اسرائیل میں ماہرین آثار قدیمہ نے تقریباً 1200 سال پرانے دو قدیم فارم ہاؤس دریافت کیے ہیں۔
یروشلم: اسرائیل میں ماہرین آثار قدیمہ نے تقریباً 1200 سال پرانے دو قدیم فارم ہاؤس دریافت کیے ہیں۔
جمعرات کو یہ اطلاع دیتے ہوئے اسرائیل کے آثار قدیمہ کی اتھارٹی (آئی اے اے) نے کہا کہ جنوبی اسرائیل کے نیگیو صحرائی شہر بیئر شیوا میں کھدائی کے دوران ابتدائی مسلم دور کے فارم ہاؤسز دریافت ہوئے ہیں۔
ماہرین آثار قدیمہ نے بتایا کہ فارم ہاؤسز دو خاندان استعمال کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فارم ہاؤس سے ملنے والے نوادرات میں برتن، کھانا پکانے کے چولہے، ایک انگوٹھی اور پرفیوم کی بوتل شامل ہے۔ یہ اس وقت کے طرز زندگی کی عکاسی کرتے ہیں۔
محققین نے دو فارم ہاؤسز کے درمیان ایک مرکزی صحن دریافت کیا، جسے دونوں خاندان مشترکہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کرتے تھے۔
فارم ہاؤس کے صحن میں کئی گڑھے تھے جو کھانا پکانے اور ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہوتے تھے۔