نماز عید کے دوران جیل سے 17 قیدی فرار، ایک قیدی ہلاک
پاکستان کے گڑبڑزدہ صوبہ بلوچستان کی چمن جیل سے نماز ِ عیدالاضحی کی ادائیگی کے دوران 17 قیدی فرار ہوگئے جبکہ جیل گارڈس کی فائرنگ میں ایک قیدی مارا گیا۔
کراچی: پاکستان کے گڑبڑزدہ صوبہ بلوچستان کی چمن جیل سے نماز ِ عیدالاضحی کی ادائیگی کے دوران 17 قیدی فرار ہوگئے جبکہ جیل گارڈس کی فائرنگ میں ایک قیدی مارا گیا۔
بلوچستان کے انسپکٹر جنرل جیل ملک شجاع نے کہا کہ تشدد اور فائرنگ میں چند گارڈس اور قیدی زخمی ہوئے ہیں۔
جمعرات کے دن جیل کے اندر کھلی جگہ پر نماز ِ عید ادا کی جارہی تھی۔ ایسا لگتا ہے کہ قیدیوں نے فرار ہونے کا منصوبہ پہلے ہی بنالیا تھا۔
نماز عید کے لئے جب قیدیوں کو ان کی کوٹھری سے باہر لایا جارہا تھا ان لوگوں نے گارڈس پر حملہ کردیا۔
تشدد اور افراتفری میں ایک قیدی جیل گارڈس کی فائرنگ میں مارا گیا جبکہ دیگر 17 بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔ ایسا لگتا ہے کہ انہیں باہر سے مدد حاصل تھی۔ مفرور قیدیوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔
ان میں بعض دہشت گرد سرگرمیوں کے سلسلہ میں جیل میں بند تھے۔ چمن جیل ایران کے سرحدی ٹاؤن کے قریب واقع ہے۔ سیکوریٹی فورسس کو اندیشہ ہے کہ قیدیوں نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے سرحد پار کرلی ہوگی۔
علیحدہ واقعہ میں ایک خاتون خودکش بمبار نے بلوچستان کے شہر تربت میں فرنٹیر کارپس کی گاڑی پر حملہ کیا جس میں ایک پولیس عہدیدار مارا گیا۔