راجستھان میں 19 نئے اضلاع
راجستھان کابینہ نے آخرکار جئے پور کو 4 اضلاع میں بانٹنے کا فیصلہ کرلیا۔ تمام 19 نئے اضلاع کے سلسلہ میں اعلامیہ آئندہ چند دن میں جاری ہوجائے گا۔
جئے پور: راجستھان کابینہ نے آخرکار جئے پور کو 4 اضلاع میں بانٹنے کا فیصلہ کرلیا۔ تمام 19 نئے اضلاع کے سلسلہ میں اعلامیہ آئندہ چند دن میں جاری ہوجائے گا۔
ریاستی وزیر پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ موجودہ ضلع جئے پور کو جئے پور‘ جئے پور رورل‘ دودو اور کوٹ پتلی۔ بہرور میں بانٹ دیا جائے گا۔ اسی دوران جودھپور کو جودھپور اور جودھپور رورل میں تقسیم کیا جائے گا۔
جمعہ کے دن کابینہ کی میٹنگ میں رام لبھایا کمیٹی کی سفارشات پر تبادلہ خیال ہوا۔ نئے اضلاع کی تشکیل کے لئے یہ کمیٹی بنی تھی۔
چیف منسٹر اشوک گہلوت نے کہا کہ نئے اضلاع سے ریاست کی ترقی کو نئی تحریک ملے گی۔
اسی دوران چیف منسٹر کی زیرصدارت کابینی اجلاس میں جو اُن کے سرکاری بنگلہ میں منعقد ہوا‘ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ راجستھان کے ہر اسکول میں اب دستور کی تمہید اور بنیادی فرائض پڑھائے جائیں گے۔
ہرہفتہ کو یعنی نوبیاگ ڈے کے موقع پر دستور کی تمہید اور بنیادی حقوق سے طلبا کو واقف کرایا جائے گا۔ نئی درسی کتابوں میں انہیں شائع بھی کیا جائے گا۔