کھیل

ہندوستان کو پیرالمپکس میں مزید 2 سلور میڈلس

ہندوستان کے یوگیش کتھونیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیرس پیرا اولمپکس میں مردوں کے F56 ڈسکس تھرو ایونٹ میں سیزن کی بہترین کوشش 42.22 میٹر کے ساتھ سلور میڈل جیتا۔

پیرس: ہندوستان کے یوگیش کتھونیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیرس پیرا اولمپکس میں مردوں کے F56 ڈسکس تھرو ایونٹ میں سیزن کی بہترین کوشش 42.22 میٹر کے ساتھ سلور میڈل جیتا۔

متعلقہ خبریں
ایشین گیمس کے میڈلسٹ11کھلاڑیوں کی تہنیت

کتھونیا نے اس سے قبل ٹوکیو پیرالمپکس میں بھی اس ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ اس طرح ہندوستان نے ان کھیلوں میں اب تک 8 تمغے جیتے ہیں جن میں ایک گولڈ بھی شامل ہے۔

اس 29 سالہ کھلاڑی نے اپنی پہلی کوشش میں 42.22 میٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے موجودہ سیزن کی بہترین کارکردگی پیش کی۔ برازیل کے کھلاڑی نے اپنی پانچویں کوشش میں 46.86 میٹر کا فاصلہ طے کرکے پیرا اولمپکس میں طلائی تمغوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

یونان کے کھلاڑی نے 41.32 میٹر کی کوشش کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔ F56 زمرہ میں مقابلہ کرنے والے کھلاڑی بیٹھنے کی پوزیشن میں مقابلہ کرتے ہیں۔ اس زمرہ میں ایسے کھلاڑی ہیں جن کی ریڑھ کی ہڈی کو نقصان پہنچا ہے اور جسم کے نچلے حصے میں خرابی ہے۔

قبل ازیں نشاد کمار نے اتوار۔ پیر کی درمیانی رات کو ہائی جمپ T47 ایونٹ میں ہندوستان کیلئے چاندی کا تمغہ جیتا۔ تاہم نشاد نے بھی گولڈ سے محروم ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ اس ہائی جمپ T47 ایونٹ میں امریکی کھلاڑی نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔

امریکہ کے ٹاؤن سینڈ روڈرک نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا۔ پیرس میں کامیابی کے بعد نشاد کو لگاتار دو پیرا اولمپک تمغے جیتنے والے سب سے کم عمر ہندوستانی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ پیرا اولمپک ہائی جمپ T47 ایونٹ میں نشاد کمار نے امریکی حریف روڈرک کو سخت مقابلہ دیا۔

نشاد نے ٹوکیو پیرالمپکس 2020 میں چاندی کا تمغہ بھی جیتا تھا۔ نشاد نے پیرس پیرالمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد اسپورٹس مین شپ کی بہترین مثال قائم کی۔ انہوں نے امریکی کھلاڑی کو اس کی سنہری کامیابی پر دل کھول کر مبارکباد دی۔

قریبی مقابلہ میں نشاد دوسرے نمبر پر رہے جبکہ امریکی کھلاڑی نے اس سیزن میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کی۔ ہندوستان کیلئے تمغہ حاصل کرنے کی خوشی کے ساتھ ساتھ نشاد کو سونے سے محروم ہونے کا افسوس بھی تھا۔ وہ اپنی تیسری کوشش میں ناکام ہونے کے بعد جذباتی بھی نظر آئے۔

ٹوکیو کی کہانی پیرس میں دہرائی گئی۔ ہندوستان کیلئے چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد نشاد کو کھیل کے اسٹیج پر جھکتے ہوئے دیکھا گیا۔ مارگیو جارجی نے اس ایونٹ کا کانسی کا تمغہ جیتا۔ پیرا اولمپک ریکارڈ کے مطابق انہوں نے کسی ملک کی جانب سے حصہ نہیں لیا۔ جارجی نے پیرس پیرا اولمپکس 2024 میں ایک غیر جانبدار کھلاڑی کے طورپر حصہ لیا۔

اسپورٹس مین شپ کی بے مثال تصویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دونوں کھلاڑیوں کی تعریف کی۔ اس دوران وزیراعظم نریندر مودی نے یوگیش کتھونیا اور نشاد کمار کو سلور میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ نشاد کمار کو پیرالمپکس میں مردوں کی ہائی جمپ T47 ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتنے میں ان کی شاندار کامیابی کیلئے مبارکباد! اس نے ہم سب کو دکھایا ہے کہ جذبے اور عزم کے ساتھ سب کچھ ممکن ہے۔

ہر ہندوستانی خوش ہے۔ پیرس پیرا اولمپکس 2024 میں ہندوستانی کھلاڑیوں کا کمال جاری ہے۔ مردوں کے ہائی جمپ (T47) ایونٹ میں نشاد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیتا۔ 25 سالہ نشاد کمار نے بھی ٹوکیو پیرالمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

نشاد لگاتار دو پیرالمپکس گیمز میں ہندوستان کیلئے چاندی کا تمغہ جیتنے والے سب سے کم عمر پیرا اتھلیٹ بن گئے ہیں۔ ہندوستان نے اس پیرالمپکس میں اب تک سات تمغے جیتے ہیں۔ ایک سونے کے تمغے کے علاوہ، ہندوستان کے پاس اب دو چاندی اور چار کانسی کے تمغے ہیں۔