مسجد الحرام میں باب ملک عبدالعزیز کے میناروں پر 2 نئے ہلال نصب
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں باب ملک عبد العزیز کے میناروں میں 2 نئے ہلال نصب کردیے گئے۔
ریاض: سعودی عرب میں مسجد الحرام میں باب ملک عبد العزیز کے میناروں میں 2 نئے ہلال نصب کر دیے گئے ہیں، یہ کام وزارت خزانہ کے ماتحت ادارہ تعمیرات کے تعاون سے کیا گیا ہے۔
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں باب ملک عبد العزیز کے میناروں میں 2 نئے ہلال نصب کردیے گئے۔
حرمین شریفین انتظامیہ کی ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے بتایا کہ یہ کام وزارت خزانہ کے ماتحت ادارہ تعمیرات کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین انتظامیہ کی ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ اسلامی فن تعمیر خصوصاً مسجد الحرام کی تعمیراتی خصوصیات کو اجاگر کیا جائے۔
سیکریٹری سربراہ انتظامیہ انجینیئر محمد الوقدانی کا کہنا تھا کہ باب ملک عبد العزیز کے میناروں میں ہلال نصب کرنے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ دونوں میناروں میں نصب کیے جانے والے ہلال عموما اسلامی فن تعمیر اور خصوصاً مسجد الحرام کی قابل دید علامت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہلال میناروں کے اوپر نصب ہیں، دونوں میناروں کی لمبائی 130 میٹر سے زیادہ ہے۔ میناروں کے دونوں ہلال کی اونچائی تقریباً 9 میٹر ہے، ہر ہلال سٹینڈ 2 میٹر کا ہے جو کاربن فائبر سے تیار کیا گیا ہے۔
اس میں جھٹکا برداشت کرنے کی صلاحیت بہت زیادہ ہوتی ہے، اسے سنہرے گلاس سے مزین کیا گیا ہے جبکہ اندرونی ڈھانچے میں فولاد استعمال ہوا ہے۔ سیکریٹری سربراہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میناروں کے اوپر ہلال کی تنصیب کے پروگرام کی باقاعدہ منظوری لی گئی تھی۔