یوکرین سے واپس 2ہزار انڈین میڈیسن طلبہ کو ازبکستان کے کالجوں میں داخلہ
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جعفروف نے کہا کہ 500 طلباء کو تاشقند میڈیکل اکیڈیمی میں داخلہ دیا گیا جبکہ 1000طلباء کو بخارا اسٹیٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں لیا گیا اور ماباقی ازبکستان میں دوسرے میڈیکل کالجس میں داخلہ دیا گیا۔
حیدرآباد: صدر انٹر نیشنل ڈپارٹمنٹ تاشقند میڈیکل اکیڈیمی پروفیسر مراد جعفروف نے کہا کہ وزارت صحت ازبکستان کی جانب سے جنگ زدہ ملک یوکرین سے واپس 2000 ہندوستانی میڈیکل طلبہ کو ایم بی بی ایس کی تکمیل کیلئے ازبکستان کو الاٹ کیا گیا ہے۔
آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 500 طلباء کو تاشقند میڈیکل اکیڈیمی میں داخلہ دیا گیا جبکہ 1000طلباء کو بخارا اسٹیٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں لیا گیا اور ماباقی ازبکستان میں دوسرے میڈیکل کالجس میں داخلہ دیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ ان تمام طلباء کو مناسب شرح فیس پر اور سابق تعلیمی سال ضائع کئے بغیر داخلہ دیا گیا۔ پروفیسر جعفروف نے کہا کہ تاشقند میڈیکل اکیڈیمی اور بخارا اسٹیٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کا شمار علاقہ کے بہترین اداروں میں ہوتا ہے جہاں عصری انفرااسٹرکچر، ملٹی اسپشالیٹی گورنمنٹ ہاسپٹل سے مربوط ہے۔
ان دواخانوں میں ہندوستان اور دیگر ممالک کے پروفیسرس طلبا کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرنے کیلئے برسر خدمت ہیں۔ ڈائرکٹر نیو ڈاکٹر دیویا راج نے کہا کہ ہندوستان میں محدود میڈیکل سیٹس اور بہت زیادہ فیس کی وجہ سے درمیانی متوسط طبقہ کے طلباء اپنی خواہش کے مطابق میڈیکل تعلیم کے شوق کو پورا کرنے سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین میں جنگ کی وجہ سے ہزاروں ہندوستانی طلباء کو اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ کر واپس ہونا پڑا ھتا اور ان طلباء کے مستقبل کو بچانے کیلئے وزارت صحت از بکستان کی جانب سے2000 ہندوستانی طلبا کو اپنے کالجس میں سلسلہ تعلیم کو جاری رکھنے اور تعلیم مکمل کرنے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔
قبل ازیں ازبکستان کے وفد نے ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے یوکرین سے واپس طلبا کو دوبارہ سلسلہ تعلیم شروع کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات سے واقف کرایا۔ اس موقع پر پروفیسر علی شیر شادمانوف، سابق وزیر صحت از بکستان محمد و دیگر موجود تھے۔