متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی
ایران کی جانب سے مجموعی طور پر 541 ڈرونز داغے گئے، جن میں سے 506 کو اماراتی فورسز نے انٹرسیپٹ کر کے تباہ کر دیا۔
ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے خلیج میں شروع کی گئی حالیہ جوابی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک یو اے ای میں 3 افراد جاں بحق اور 58 زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ حملے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کی گئی حالیہ بمباری کے جواب میں کیے گئے۔
وزارتِ دفاع کے بیان کے مطابق، ان حملوں میں جاں بحق ہونے والے تینوں افراد غیر ملکی مقیم تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک کا تعلق پاکستان، ایک کا نیپال اور ایک کا بنگلہ دیش سے ہے۔ زخمی ہونے والے 58 افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے مجموعی طور پر 165 بیلسٹک میزائلوں کی نشاندہی کی، جن میں سے 152 کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ دفاعی نظام نے 2 کروز میزائلوں کو کامیابی سے روکا۔
ایران کی جانب سے مجموعی طور پر 541 ڈرونز داغے گئے، جن میں سے 506 کو اماراتی فورسز نے انٹرسیپٹ کر کے تباہ کر دیا۔
متحدہ عرب امارات نے ان حملوں کو اپنی خودمختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اگرچہ اماراتی دفاعی نظام نے زیادہ تر حملوں کو ناکام بنا دیا، تاہم چند میزائلوں اور ڈرونز کے گرنے سے جانی نقصان ہوا ہے۔ حکام نے عوام کو الرٹ رہنے اور حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔