مشرق وسطیٰ

شمالی غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 30 فلسطینی جاں بحق

شمالی غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 22 افراد (بیشتر خواتین اور بچے) جاں بحق ہوئے۔ فلسطینی عہدیداروں نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔

دیرالبلح(غزہ پٹی) (اے پی) شمالی غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 22 افراد (بیشتر خواتین اور بچے) جاں بحق ہوئے۔ فلسطینی عہدیداروں نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔

متعلقہ خبریں
روسی صدر کی مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے خاتمے میں مدد کی پیشکش
غزہ میں اسرائیل کی شدید بمباری, عمارتیں ڈھیر
غزہ میں 80 فیصد علاقہ تباہ، کوئی جگہ محفوظ نہیں، حالات ناقابلِ بیان
غزہ میں اسرائیلی فوج کا سیف زون ایریا میں خیموں پر حملہ، 18 فلسطینی زندہ جل کر شہید
اسرائیلی فوج کی خان یونس میں بمباری، فلسطینی قبرستان میں پناہ لینے پر مجبور

شمالی غزہ پر اسرائیلی حملے تیسرے ہفتے میں داخل ہوگئے ہیں۔ امدادی گروپس کا کہنا ہے کہ بہت بڑا انسانی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ علیحدہ پیشرفت میں تل ابیب کے قریب ایک ٹرک بس اسٹاپ میں گھس پڑا۔ کئی افراد زخمی ہوگئے۔ اسرائیل کی ریسکیو سرویس نے یہ بات بتائی۔

صورتحال واضح نہیں ہے، لیکن سابق میں فلسطینی ایسے کئی حملے کرچکے ہیں۔ غزہ کی وزارتِ صحت کی ایمرجنسی سرویس کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو دیر گئے شمالی ٹاؤن بیت لاھیہ میں کئی مکانات اور عمارتیں اسرائیل کے حملوں کی زد میں آئیں۔ مرنے والوں میں 11 عورتیں اور 2بچے شامل ہیں۔ 15 افراد زخمی ہوئے۔

اموات کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے بیت لاھیہ میں لڑاکوں کے اسٹرکچر کواچوک نشانہ بنایا۔ اسرائیل غزہ میں ابھی بھی روزانہ حملے کررہا ہے۔ اس نے لبنان میں حزب اللہ گروپ کے خلاف فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ زمینی جنگ چھیڑ رکھی ہے۔

ہفتہ کے دن اسرائیلی جنگی جہازوں نے ایران پر حملہ کیا تھا، جو حماس اور حزب اللہ دونوں کی تائید کرتا ہے۔ اس نے یہ حملہ جاریہ ماہ کے اوائل میں ایران کے بیلسٹک حملہ کے جواب میں کیا۔ یو این آئی کے بموجب غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت لاھیہ شہر پر اسرائیلی بمباری میں کم از کم 30فلسطینی جاں بحق ہو گئے ہیں۔

فلسطینی سرکاری خبر رساں ایجنسی ڈبلیو اے ایف اے نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فورسس نے ہفتے کی شام ایک رہائشی چوک پر گولہ باری کی جس سے کم از کم پانچ مکانات کو نشانہ بنایا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

مقامی باشندوں نے ژنہوا کو بتایا کہ نہ تو سول ڈیفنس اور نہ ہی طبی ٹیمیں علاقے تک پہنچ سکیں، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو خچر گاڑیوں یا پیدل منتقل کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔اسرائیلی فوج نے اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔غزہ میں صحت کے حکام نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 42,924ہو گئی ہے۔

Photo Source: @MahaGaza