یو ڈی ایف حکومت کی حلف برداری تقریب کے دوران بدنظمی کے باعث 30 افراد اسپتال میں داخل
کیرالہ میں ترواننت پورم کے سینٹرل اسٹیڈیم میں پیر کو یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) حکومت کی تقریب حلف برداری کے دوران شدید بھیڑ اور بدنظمی کے باعث بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں 30 افراد کو اسپتالوں میں داخل کرانا پڑا۔
ترواننت پورم: کیرالہ میں ترواننت پورم کے سینٹرل اسٹیڈیم میں پیر کو یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) حکومت کی تقریب حلف برداری کے دوران شدید بھیڑ اور بدنظمی کے باعث بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں 30 افراد کو اسپتالوں میں داخل کرانا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق حبس زدہ گرمی، دھکا مکی اور بدانتظامی کے باعث تقریباً 30 افراد کو سانس لینے میں دشواری اور پانی کی کمی (ڈی ہائیڈریشن) کی شکایت پر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقام تقریب کے اطراف کئی مقامات پر ہنگامی طبی ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں، لیکن لوگوں کی بھاری بھیڑ اور ہوا کے آنے جانے اور آمدورفت کے لیے مناسب جگہ نہ ہونے کے سبب کئی افراد مبینہ طور پر بے ہوش ہوگئے تھے۔
کئی لوگوں نے شکایت کی کہ تقریب گاہ اور اس کے اطراف جمع ہونے والی بھاری بھیڑ کے لیے پینے کے پانی کا مناسب انتظام نہیں کیا گیا تھا۔
اگرچہ کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، لیکن متعدد مقامات پر عینی شاہدین نے صورتحال کو "تقریباً بھگدڑ جیسی” قرار دیا، خاص طور پر داخلی دروازوں اور بیریکیڈ والے علاقوں کے قریب، جہاں ہزاروں افراد نے ایک ساتھ داخل ہونے کی کوشش کی، جبکہ مقام کی گنجائش پہلے ہی مکمل ہوچکی تھی۔
رپورٹ کے مطابق تقریب دیکھنے کے لیے 60 ہزار سے زائد افراد مقام اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں پہنچے، جس کے باعث وہاں افراتفری اور بھاری بھیڑ جمع ہوگئی۔ بغیر پاس کے بھی ہزاروں پارٹی کارکنان اور حامی پورے کیرالہ سے شہر پہنچے، جس کے نتیجے میں اسٹیڈیم کے اندر اور باہر دونوں جگہ غیر معمولی بھیڑ ہوگئی۔