بورا بنڈہ میں ایک ہی دن 4 افراد لاپتہ
پولیس کے مطابق، چنتل، دوارکا نگرکے رہائشی گنگاجی اروند کی شکایت پر ان کے 19 سالہ بھانجے سمیت بھارت لنکاپورے کے لاپتہ ہونے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سمیت، ایراگڈہ کے پدماوتی مینز پی جی ہاسٹل میں مقیم تھا۔
حیدرآباد: شہر کے بورہ بنڈہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک ہی دن چار افراد کے لاپتہ ہونے کے الگ الگ واقعات سامنے آنے کے بعد افراد خاندان میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ پولیس نے چاروں معاملات میں گمشدگی کے مقدمات درج کرکے تفتیش اور تلاش کا عمل شروع کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق، چنتل، دوارکا نگرکے رہائشی گنگاجی اروند کی شکایت پر ان کے 19 سالہ بھانجے سمیت بھارت لنکاپورے کے لاپتہ ہونے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سمیت، ایراگڈہ کے پدماوتی مینز پی جی ہاسٹل میں مقیم تھا۔
بتایا گیا ہے کہ وہ 16 جولائی کی رات اپنا بیگ لے کر ہاسٹل سے نکلا، لیکن اس کے بعد واپس نہیں آیا۔ اہل خانہ نے رشتہ داروں اور دوستوں کے یہاں تلاش کی، تاہم اس کا کوئی سراغ نہیں ملا، جبکہ اس کا موبائل فون بھی بند آ رہا ہے۔
ایک اور واقعے میں ایراگڈہ کے شنکر لال نگر کے رہائشی ایم دنیش کمار (33) گھریلو جھگڑے کے بعد گھر سے چلے گئے۔ ان کی اہلیہ پرسونا کے مطابق، گھر چھوڑنے کے کچھ دیر بعد دنیش نے موبائل پر ایک پیغام بھیجا جس میں لکھا تھا، "شاید یہ میرا آخری پیغام ہے، میں واپس نہیں آؤں گا۔” اس پیغام کے بعد اہل خانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
تیسرے واقعے میں ای ایس آئی اسپتال میں ہیلپر کے طور پر کام کرنے والے شیخ شعیب نے اپنی 19 سالہ اہلیہ شیخ ذکیرا کے لاپتہ ہونے کی شکایت درج کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ 17 جولائی کو ڈیوٹی سے گھر واپس آنے پر ان کی اہلیہ گھر میں موجود نہیں تھیں۔ رشتہ داروں اور جاننے والوں کے یہاں تلاش کے باوجود ان کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
چوتھا واقعہ وقار آباد ضلع کے تانڈور سے تعلق رکھنے والے اببانی جگدیشور (28) کا ہے، جو ایراگڈہ مینٹل اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کے بھائی ونئے کمار نے پولیس کو اطلاع دی کہ 18 جولائی کی رات جگدیشور اسپتال سے نکل گئے اور اس کے بعد سے ان کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔
بورہ بنڈہ پولیس نے چاروں واقعات میں گمشدگی کے مقدمات درج کر لیے ہیں اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر تحقیقات جاری رکھی ہوئی ہیں۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو ان افراد کے بارے میں کوئی اطلاع ہو تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا بورہ بنڈہ پولیس سے رابطہ کریں۔