حادثہ کے بعد ایک گاڑی سے7کروڑ روپے ضبط (ویڈیو)
آندھرا پردیش پولیس نے ہفتہ کے روز ضلع مشرقی گوداوری میں ایک لائٹ کمرشیل گاڑی سے 7کروڑ روپے ضبط کئے جو ایک ٹول پلازہ کے قریب حادثہ کا شکار ہوگئی تھی۔

امراوتی(اے پی): آندھرا پردیش پولیس نے ہفتہ کے روز ضلع مشرقی گوداوری میں ایک لائٹ کمرشیل گاڑی سے 7کروڑ روپے ضبط کئے جو ایک ٹول پلازہ کے قریب حادثہ کا شکار ہوگئی تھی۔
کوورو کے سب ڈیویژنل آفیسر کے سی ایچ راما راؤ نے بتایا کہ چونے کے تھیلوں کے نیچے دبی ہوئی نقد رقم اُس وقت برآمد کرلی گئی جب نلہ جرلہ منڈل میں ویرا ولی ٹول پلازہ کے قریب ایک ٹریک نے ایک لائٹ کمرشیل وہیکل (ایل سی وی) کو پیچھے سے ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں یہ گاڑی الٹ گئی۔
رقم سے بھرے ہوئے ڈبے نیچے گرپڑے۔ یہ گاڑی حیدرآباد میں ناچارم سے منڈا پیٹا جارہی تھی۔ رقم کے ڈبوں کو چونے کے تھیلوں کے بیچ چھپایا گیا تھا۔
7ڈبے تھے اور ہر ڈبے میں ایک کروڑ روپے رکھے گئے تھے۔اس حادثہ میں گاڑی کے ڈرائیور کے ویربھدرا راؤ کا پیر ٹوٹ گیا اور آنکھ زخمی ہوگئی جس کی وجہ سے پولیس کو اُسے فوری طور پر علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کرنا پڑا۔
پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعات338کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے رقم انکم ٹیکس حکام کے حوالے کردی۔ اسی دوران پولیس یہ پتہ چلانے کی کوشش کررہی ہے کہ یہ رقم کہاں سے آئی اور اس کا مالک کون ہے۔