حیدرآباد: ملک کے سب سے بڑے میوزیکل فلوٹنگ فاؤنٹین کا افتتاح
این ٹی آر مارگ کے قریب حسین ساگر جھیل میں 180 میٹر کی لمبائی اور 90 میٹر کی اونچائی کے ساتھ ملک کے سب سے بڑے میوزیکل فلوٹنگ فاؤنٹین کو آج لانچ کیا گیا۔
حیدرآباد: حیدرآباد میں سیاحوں اور ویک اینڈ پر تفریح کی غرض سے آنے والوں کے لئے ایک اور پرکشش اضافہ کرتے ہوئے حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایچ ایم ڈی اے) نے حسین ساگر جھیل میں ملک کے سب سے بڑے موسیقی ریز تیرنے والے فواروں کا افتتاح انجام دیا ہے۔
این ٹی آر مارگ کے قریب حسین ساگر جھیل میں 180 میٹر کی لمبائی اور 90 میٹر کی اونچائی کے ساتھ ملک کے سب سے بڑے میوزیکل فلوٹنگ فاؤنٹین کو آج لانچ کیا گیا۔
اسے 17.02 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے جس میں ایچ ایم ڈی اے کی طرف سے اگلے تین سالوں کے دیکھ بھال کے کام بھی شامل ہیں۔ منفرد میوزیکل فلوٹنگ فاؤنٹین کی لمبائی 180 میٹر، چوڑائی 10 میٹر ہے اور اس کی اونچائی تقریباً 90 میٹر ہے۔
میوزیکل فلوٹنگ فاؤنٹین کی کچھ منفرد خصوصیات میں مختلف تھیمز کی نمائش کے لئے لیزر کے تین سیٹ، میوزک کے ساتھ کلاؤڈ ایفیکٹ بنانے کے لئے مسٹ فری فوگ اور متحرک اثر پیدا کرنے کے لئے تقریباً 800 جیٹ ہائی پاور والی نوزلز اور 880 زیر آب ایل ای ڈی لائٹس شامل ہیں۔
فاؤنٹین کے تمام نوزلز اور جیٹس کو ڈی ایم ایکس کنٹرولر کے ذریعے پروگرام کرتے ہوئے موسیقی کے ساتھ ہم آہنگ کیا جاتا ہے۔ نوزلز کے ذریعہ اسپرے کی اونچائی 12 میٹر سے 45 میٹر تک ہوتی ہے جبکہ مرکزی جیٹ 90 میٹر کی اسپرے اونچائی کے ساتھ سب سے اونچا جیٹ ہے۔
ایک ریلیز میں مزید کہا گیا کہ ایچ ایم ڈی اے عام دنوں میں شام 7 بجے سے رات 10 بجے کے درمیان 20 منٹ کے تین شوز اور ویک اینڈ میں چار شوز منعقد کرے گا۔ حسین ساگر کے کسی بھی کنارے سے ان شوز کا مفت نظارہ کیا جاسکتا ہے۔