امریکہ و کینیڈا

دنیا کے سب سے بڑے کروز شپ سے چھلانگ لگا کر ایک آدمی نے خودکشی کرلی

دنیا کے سب سے بڑے کروز شپ آئیکن آف دی سیز کے ایک سفر کے دوران ایک سانحہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے جہاز کی بلندی سے سمندر میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔  

نیویارک: دنیا کے سب سے بڑے کروز شپ آئیکن آف دی سیز کے ایک سفر کے دوران ایک سانحہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے جہاز کی بلندی سے سمندر میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔  

اتوار کی صبح یہ واقعہ پیش آیا جبکہ جہاز، فلوریڈا سے اپنے ایک ہفتہ طویل کیریبین سفر کے لئے بس روانہ ہی ہوا تھا۔

نیویارک پوسٹ نے رپورٹ کیا کہ اس شخص کی شناخت ابھی تک نامعلوم ہے۔ کوسٹ گارڈس نے بتایا کہ کروز جہاز کی طرف سے فوری ایک امدادی کشتی سمندر میں اتاری گئی اور اس شخص کو تلاش کرکے اسے واپس لایا گیا۔

تاہم اسے مردہ قرار دیا گیا۔ امریکی کوسٹ گارڈس نے سمندر میں اس کی تلاش میں مدد کی تھی۔ رائل کیریبین کے آئیکن آف دی سیز کی لمبائی 1,200 فٹ ہے اور اس میں 10,000 سے زیادہ لوگ سوار ہوکر تفریحی سفر پر روانہ ہوسکتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ پورٹ میامی سے تقریباً 300 میل دور پیش آیا۔ واقعہ کے سبب آئیکن آف دی سیز نے اپنا سفر دو گھنٹے تک روک دیا جبکہ عملے نے کوسٹ گارڈ کی تلاش اور بچاؤ کی کوششوں میں مدد کی۔

افسوسناک طور پر مسافر جس نے جہاز سے چھلانگ لگا دی، زندہ نہیں بچ سکا ہے۔ اسے جب واپس لایا جارہا تھا تو اس میں زندگی کی علامات موجود تھیں تاہم زخموں کی تاب نہ لاکر جلد ہی وہ چل بسا۔

جہاز پر سوار لوگوں نے واقعہ پر صدمے اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو مشن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔