بے قابو کار نے 9 افراد کو روند ڈالا، 5 افراد کی موت
اس حادثے میں زخمی ہونے والے تمام لوگوں کو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر دھرم پور لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے پانچ لوگوں کو مردہ قرار دے دیا۔ وہیں دو لوگوں کی تشویشناک حالت دیکھتے ہوئے انہیں چنڈی گڑھ پی جی آئی ریفر کر دیا گیا ہے۔ بقیہ دو زیرعلاج ہیں۔
شملہ: ہماچل پردیش کے سولن ضلع کے دھرم پور میں ایک پٹرول پمپ کے قریب ایک بے قابو انووا کار نے راہ چلتے نو افراد کو کچل دیا جس میں پانچ افراد ہلاک اوردیگر چار زخمی ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ منگل کی صبح 10 بجے کالکا شملہ ہائی وے پر دھرم پور میں پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک تیز رفتار انووا گاڑی شملہ کی طرف جارہی تھی۔ اس دوران موڑ پر تیز رفتار کار ڈرائیور نے اپنا کنٹرول کھو دیا اور ہائی وے کے کنارے پیدل چلنے والے لوگوں کو کچل دیا۔
اس حادثے میں زخمی ہونے والے تمام لوگوں کو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر دھرم پور لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے پانچ لوگوں کو مردہ قرار دے دیا۔ وہیں دو لوگوں کی تشویشناک حالت دیکھتے ہوئے انہیں چنڈی گڑھ پی جی آئی ریفر کر دیا گیا ہے۔ بقیہ دو زیرعلاج ہیں۔
پولیس نے مہلوکین کی شناخت گڈو یادو، راجا ورما، نپو نشاد، موتی لال یادو، سنی دیول کے طور پر کی ہے۔ دوسری جانب حادثے کو انجام دینے والے کار ڈرائیور کا نام راجیش ہے جو گدکھل تحصیل کسولی کا رہنے والا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں لواحقین کے سپرد کردی جائیں گی۔