ایشیاء

چین کے شمال مغربی صوبے ژنجیانگ میں 7.1 شدت کا زلزلہ

شمال مغربی چین کے خود مختار علاقہ ژنجیانگ اویغور کے تحت یوشی کاؤنٹی میں ریختر پیمانے پر 7.1 شدت کا بھیانک زلزلہ آیا، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔

ارومقی: شمال مغربی چین کے خود مختار علاقہ ژنجیانگ اویغور کے تحت یوشی کاؤنٹی میں ریختر پیمانے پر 7.1 شدت کا بھیانک زلزلہ آیا، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔

چین کے زلزلہ نیٹ ورکس سینٹر (سی ای این سی) کے مطابق، منگل کے روز سویرے 2:09 بجے (بیجنگ کے وقت کے مطابق) شمال مغربی چین کے ژنجیانگ اویغور خود مختار علاقہ کے آکسو پریفیکچر پر یوشی کاؤنٹی میں 7.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

CENC نے کہا کہ زلزلے کا مرکزسطح زمین سے 22 کلومیٹر کی گہرائی میں، 41.26 ڈگری شمالی عرض البلد اور 78.63 ڈگری مشرقی طول البلد پر درج کیا گیا۔ ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے کا مرکز چین اور کرغزستان کے درمیان پہاڑی سرحدی علاقے یوشی کاؤنٹی کی بستی میں واقع تھا۔

زلزلہ کی نگرانی کی ایجنسی کے مطابق، زلزلے کا مرکز یوشی کاؤنٹی کے صدر مقام سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، زلزلے کے مرکز کے ارد گرد 20 کلومیٹر کے دائرے میں پانچ گاؤں واقع ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق زلزلے کے مرکز میں متعدد رہائشی مکانات اور مویشیوں کے شیڈ منہدم ہو گئے، کچھ چرواہوں کو معمولی چوٹیں آئیں۔

مقامی پولس اسٹیشن کو تقریباً 3:10 بجے فون کال موصول ہوئی اور بتایا گیا کہ ایک بچہ ملبے میں دب گیا ہے۔ وہ بچے کو بچانے کے لیے پہنچے، جو اب مستحکم حالت میں مقامی اسپتال میں طبی امداد حاصل کر رہا ہے۔ بچے کی ماں کے چہرے پر چوٹیں آئی ہيں۔

زلزلے کے بعد یوشی کاؤنٹی کے فائر اینڈ ریسکیو بریگیڈ نے فوری طور پر 10 افراد پر مشتمل پیشگی ٹیم کو زلزلہ کے علاقے میں روانہ کیا۔ اس کے علاوہ، اکسو پریفیکچر فائر اینڈ ریسکیو دستے نے 60 افراد کو زلزلے کے مرکز تک پہنچنے کے لیے تیار کیا۔

ژنجیانگ کے فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق، مجموعی طور پر 182 گاڑیاں، 800 افراد، اور 32 کتوں کو تیار رکھا گیا ہے، جو آفات سے بچاؤ کے مشن کے لیے تیار ہیں۔

اوشی کاؤنٹی میں اب تک 1,000 خیمے، 5,000 روئی کے پیڈڈ کوٹ، 10,000 لحاف اور گدے، 5,000 فولڈ ایبل بیڈ اور 1,000 چولہے بھیجے جا چکے ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے ژنجیانگ کے مختلف شہروں اور صوبوں میں بھی محسوس کیے گئے جن میں ارومقی، ہوتان اور کاشغر شامل ہیں۔ علاقائی دارالحکومت ارومقی کے باشندوں نے بتایا کہ 17 ویں منزل پر بھی تیز جھٹکے محسوس ہوئے۔