مہاراشٹر میں مودی کی ریالی میں راہول گاندھی کے اسٹیکر کے ساتھ کرسی
راہول گاندھی کی تصویر والی پلاسٹک کی کرسیوں پر ایک اسکینر کوڈ بھی چھپا ہوا ہے جس پر لکھا ہےکہ "138 سالوں سے خوشحال ہندوستان کی ترقی کے لیے لڑ رہے ہیں۔"
ممبئی: ایک حیرت انگیز پیشرفت میں چہارشنبہ کو مہاراشٹر کے ناگپور کے قریب ایوت محل میں وزیر اعظم نریندر مودی کے جلسہ عام کے مقام پر اسٹیج کے قریب کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے اسٹیکرز والی کرسی ملی۔
راہول گاندھی کی تصویر والی پلاسٹک کی کرسیوں پر ایک اسکینر کوڈ بھی چھپا ہوا ہے جس پر لکھا ہےکہ "138 سالوں سے خوشحال ہندوستان کی ترقی کے لیے لڑ رہے ہیں۔”
ایک مراٹھی میڈیا ہاؤس کی طرف سے انٹرنیٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں پنڈال کے مناظر دکھائے گئے ہیں، جس میں کرسیاں لگی ہوئی ہیں جن پر مسٹر گاندھی کی تصویر اور عطیات کے لیے کیو آر کوڈ لگے ہوئے ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس علاقے میں حال ہی میں کانگریس کی ایک ریلی ہوئی تھی۔ پروگرام کے دوران کانگریس لیڈر کے اسٹیکرز والی یہ کرسیاں آویزاں تھیں۔
موصولہ اطلاع کے مطابق کانگریس کی ریلی کے لیے جس ٹھیکیدار نے کرسیوں کا انتظام کیا تھا، اسی ٹھیکیدار نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیے کرسیوں کا انتظام کیا ہے اور اس نے کرسیوں پر لگے اسٹیکرز کو ہٹانے میں لاپروائی برتی اور اسٹیکر والی کرسیاں بی جے پی کے حوالے کر دیں۔
اس واقعہ سے پنڈال میں زبردست تنازعہ ہوا اور کرسیوں کا ویڈیو وائرل ہوگیا۔ تاہم اجلاس شروع ہونے سے پہلے ہی اسٹیکرز ہٹا دیے گئے۔ وزیر اعظم کے ساتھ اس پروگرام میں مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شنڈے، نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار سمیت پوری ریاستی کابینہ موجود ہوگی۔