سگریٹ سے پلنگ کو آگ لگ گئی۔حالت نشہ میں سونے والا ٹیچر جھلس کر ہلاک
تلنگانہ کے ضلع سوریا پیٹ کے کوداڈ منڈل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک سرکاری اسکول کا ٹیچر نشہ کی حالت میں سگریٹ پینے کے بعد سوگیا اور آگ لگنے سے اس کی موت ہوگئی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع سوریا پیٹ کے کوداڈ منڈل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک سرکاری اسکول کا ٹیچر نشہ کی حالت میں سگریٹ پینے کے بعد سوگیا اور آگ لگنے سے اس کی موت ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق، منگلی تانڈا سے تعلق رکھنے والا 52 سالہ دھراؤت بالاجی ناڈی گوڑم منڈل کے ہنّاکیشواپورم گورنمنٹ اسکول میں ٹیچر کے طور پر کام کر رہاتھا۔
رام نومی تہوار کے موقع پر اس کی بیوی اپنے دو بچوں کے ساتھ مائیکے چلی گئی تھی۔ وہ اکیلے گھر میں تھا۔ اس نے شراب پی اور باہر پلنگ پر لیٹتے ہوئے سگریٹ پینا شروع کیا۔
نشہ کی حالت میں وہ سگریٹ بجھائے بغیر سو گیا، جس کے نتیجہ میں سگریٹ پلنگ پر گر گئی اور آگ لگ گئی۔
کولر کی ہوا کی وجہ سے آگ مزید پھیل گئی۔ قریب میں کوئی موجود نہ ہونے اور بالاجی کے نشہ کی حالت میں ہونے کی وجہ سے وہ جھلس کر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ان کی بیوی شیلجا کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔