سوشیل میڈیاقومیمہاراشٹرا

دوشے میں مردہ چوہا ملا، ویڈیو وائرل ہوئی… پھر شکایت کرنے والی خاتون ہی مشکل میں پھنس گئی

ممبئی کے ایک ہوٹل میں دوشے کے اندر مردہ چوہا ملنے کی شکایت کے معاملے میں ایک دلچسپ موڑ سامنے آیا ہے۔ جس خاتون نے ہوٹل کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی تھی، اسی خاتون کو اب ہوٹل مالک کو مبینہ طور پر بلیک میل کرکے رقم وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ممبئی کے ایک ہوٹل میں دوشے کے اندر مردہ چوہا ملنے کی شکایت کے معاملے میں ایک دلچسپ موڑ سامنے آیا ہے۔ جس خاتون نے ہوٹل کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی تھی، اسی خاتون کو اب ہوٹل مالک کو مبینہ طور پر بلیک میل کرکے رقم وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے خاتون کو ہوٹل مالک سے رقم لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا۔

واقعہ ممبئی کے بوریولی علاقے میں واقع رادھا کرشن ہوٹل کا ہے۔ 24 ستمبر کو 36 سالہ مانسی آچاریہ دو دیگر افراد اور ایک بچے کے ساتھ ہوٹل پہنچی تھی۔ خاتون نے الزام لگایا تھا کہ ان کے آرڈر کیے گئے میسور مسالہ دوشے میں مردہ چوہا ملا۔ شکایت کے مطابق اس کے بھائی نے دوشے کا کچھ حصہ کھا لیا تھا اور مردہ چوہے کو دیکھنے کے بعد وہ گھبرا کر فوراً قے کرنے لگا۔

خاتون نے اس واقعے کی اطلاع بوریولی پولیس کو دی، جس کے بعد دوشے میں مردہ چوہا ملنے کا مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے عہدیداروں نے 28 ستمبر کو ہوٹل کا لائسنس معطل کردیا۔ ہوٹل مالک کے مطابق اس کارروائی کے بعد ہوٹل بند ہونے کی نوبت آگئی تھی۔

اسی دوران ہوٹل مالک اور ان کے رشتہ داروں کو نامعلوم نمبروں سے فون کالز آنا شروع ہوگئیں۔ الزام ہے کہ ویڈیو کو مزید وائرل نہ کرنے کے لیے 25 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا اور مسلسل فون کالز کے ذریعے انہیں مبینہ طور پر پریشان کیا گیا۔ بعد میں 6 لاکھ روپے میں معاملہ طے کرنے کی بات ہوئی۔ ہوٹل مالک پہلے ہی مبینہ طور پر ایک لاکھ روپے نقد دے چکے تھے۔

اس کے بعد 29 ستمبر کو ہوٹل مالک نے بوریولی پولیس سے شکایت کی۔ پولیس نے ملزمین کو پکڑنے کے لیے منصوبہ بنایا اور جیسے ہی خاتون مزید رقم لینے پہنچی، پولیس نے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کررہی ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ مبینہ بلیک میلنگ میں خاتون کے ساتھ مزید کون لوگ شامل تھے۔