کے بی آر پارک کے گرل سے تیز رفتار پورشے کار ٹکرا گئی، ڈرائیو مفرور
ایک تیز رفتار پورشے کار یہاں کے بی آر نیشنل پارک جو شہر کے بنجارہ ہلز علاقہ میں واقع ہے، کے فینس(گرل) سے آج صبح ٹکرا گئی۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے کا کیس ہے۔
حیدرآباد (آئی اے این ایس) ایک تیز رفتار پورشے کار یہاں کے بی آر نیشنل پارک جو شہر کے بنجارہ ہلز علاقہ میں واقع ہے، کے فینس(گرل) سے آج صبح ٹکرا گئی۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے کا کیس ہے۔
پارک کی دیوار کی گرل سے ٹکرانے کے بعد پورشے ٹیکان کار کا ڈرائیو رفرار ہوگیا۔ یہ واقعہ جمعہ کے روز5:30 بجے صبح، بسوا تاراکم انڈو۔ امریکن کینسر ہاسپٹل اینڈ ریسرچ کے قریب ٹرافک جنکشن پر پیش آیا۔ یہاں ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔
ٹرن لینے کے دوران یہ کار، بظاہر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور کے بی آر پارک کے فینس سے ٹکرا گئی جس کے سبب اس لگژری کار کاسامنے والا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ یہ معلوم نہیں ہواکہ اس کار میں کتنے افراد سوار تھے اور اس واقعہ میں آیا کوئی زخمی بھی ہوا ہے؟۔
کار کے ایربیاگ پھٹ گئے جس کے سبب پولیس کا ماننا ہے کہ اس سے بڑا سانحہ ٹل گیا ہے۔ بنجارہ ہلز پولیس نے تیز رفتار اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ اس کار کے مالک اور حادثہ کے وقت اس کار چلانے والے شخص کی شناخت کی جاسکے۔
بنجارہ ہلز اسٹیشن ہاوز آفیسر کے ایم رگھو یندرا نے کہا کہ مزید معلومات حاصل کرنے کیلئے ہم سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں۔کار کی کوئی نمبر پلیٹ نہیں ہے اس لئے حکام کو کار کے مالک کی شناخت میں کسی قدر شواری ہورہی ہے۔
پولیس نے بی این ایس کی دفعہ106 کے تحت کیس درج کرلیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں حالیہ مہینوں کے دوران تیز رفتار اور لاپرواہی کے ساتھ کار چلانے کے سلسلہ وار واقعات پیش آئے ہیں۔