حیدرآباد میں پیش آیا افسوسناک واقعہ، فیس کی رقم نہ ہونے پر 19 سالہ لڑکی نے کی خودکشی
حیدرآباد کے شاہین نگر میں ایک نہایت افسوسناک واقعہ پیش آیا جس نے ہر سننے والے کو غمزدہ کر دیا۔ 19 سالہ افرا خانم، جو اپنی تعلیم جاری رکھنے کی شدید خواہش رکھتی تھی، غربت اور مالی مسائل کے باعث کالج میں داخلہ نہ ملنے پر انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگئی۔

افرا خانم، عرفان خان کی بیٹی تھی، جو ایک آٹو ڈرائیور ہیں اور تعلق مہاراشٹرا کے ناندیڑ سے رکھتے ہیں۔ افرا اپنے والدین اور بہن بھائیوں کے ساتھ تقریباً تین سال قبل شاکر نگر، شاہین نگر منتقل ہوئی تھی۔ اس نے ناندیڑ کے ایکلویہ اسکول میں دسویں جماعت تک تعلیم حاصل کی تھی اور سات ماہ پہلے آگے کی تعلیم کے لیے حیدرآباد آئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق صرف 4,000 روپے کی فیس نہ ہونے کے سبب افرا اپنی سابقہ اسکول سے ٹرانسفر سرٹیفکیٹ (T.C.) حاصل نہ کرسکی، جس کے بغیر کالج میں داخلہ ممکن نہیں تھا۔ دن گزرتے گئے، اور مالی تنگی نے اس کے خوابوں کو چکنا چور کر دیا۔ وہ مسلسل والدین سے درخواست کرتی رہی، مگر غربت آڑے آتی رہی۔
واقعے کے روز افرا کی والدہ اپنے چھوٹے بچوں کو ٹفن دینے کے لیے اسکول گئی ہوئی تھیں۔ اسی دوران افرا نے گھر کی چھت سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ گھر والوں کو جب اس واقعے کی اطلاع ملی تو ماحول غم سے بھر گیا۔
اطلاع ملتے ہی بالاپور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی، ضروری کارروائی انجام دی اور لاش کو عثمانیہ اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔