دوبارہ اقتدار میں آتے ہی ملک بھر میں یکساں سیول کوڈ لاگو ہوجائے گا:امیت شاہ
وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت کی اگلی میعاد میں ایک ملک‘ ایک الیکشن پر بھی عمل ہوگا کیونکہ ملک میں بیک وقت انتخابات کا وقت آگیا ہے۔
نئی دہلی: مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ بی جے پی اگر اقتدارپرلوٹتی ہے تو آئندہ پانچ سال میں سبھی سے مشاورت کے بعد سارے ملک میں یکساں سیول کوڈ (یوسی سی) لاگو ہوگا۔
پی ٹی آئی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی اگلی میعاد میں ایک ملک‘ ایک الیکشن پر بھی عمل ہوگا کیونکہ ملک میں بیک وقت انتخابات کا وقت آگیا ہے۔
سینئر بی جے پی قائد نے یہ بھی کہا کہ بیک وقت انتخابات سے اخراجات بھی گھٹ جائیں گے۔ موسم سرما یا سال میں کسی اور وقت الیکشن کرانے کے امکان کے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ ہم اس سلسلہ میں سوچ سکتے ہیں۔
اگر ہم ایک الیکشن قبل ازوقت کرادیں تو یہ کیاجاسکتا ہے اور یہ ہوناچاہئیے۔ موسم گرما میں طلبہ کو تعطیلات بھی ہوتی ہیں‘ اور یہ موسم کئی مسائل بھی پیدا کرتا ہے۔
گزرتے وقت کے ساتھ لوک سبھا الیکشن دھیرے دھیرے موسم گرما میں ہونے لگا۔ یکساں سیول کوڈ کے بارے میں امیت شاہ نے کہا کہ یکساں سیول کوڈ آزادی کے بعدسے ہماری پارلیمنٹ‘ ریاستی اسمبلیوں کی ذمہ داری رہ گئی ہے۔
دستور کے رہنمایانہ اصولوں میں یکساں سیول کوڈ کی بات کہی گئی ہے۔ اس وقت بھی کے ایم منشی‘راجندرپرساد اور امبیڈکرجیسے قانونی اسکالرس نے کہاتھا کہ سیکولرملک میں مذہب پرمبنی قوانین نہیں ہونے چاہئیے۔ یکساں سیول کوڈ ہوناچاہئیے۔
مرکزی وزیرداخلہ نے کہا کہ بی جے پی نے اتراکھنڈ میں جہاں اس کی اکثریتی حکومت ہے ایک تجربہ کیا ہے۔ یکساں سیول کوڈ 1950ء کے دہے سے بی جے پی کا ایجنڈہ رہا ہے۔ اسے حال میں بی جے پی زیراقتدارریاست اتراکھنڈ میں لاگوکیاگیا۔
امیت شاہ نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ یکساں سیول کوڈ قانونی‘سماجی اور مذہبی اصلاح ہے۔ مذہبی رہنماؤں سے بھی صلاح ومشورہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس پر تفصیلی بحث ہونی چاہئیے۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا یہ اگلے پانچ سال میں ہوجائے گا۔
امیت شاہ نے کہا کہ یہ اگلے پانچ سال میں ہی ہوگا اور پانچ سال کا وقت کافی ہے۔ بیک وقت الیکشن کے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ ہم‘ ایک ملک‘ایک الیکشن کی پوری کوشش کریں گے۔ اس پر بھی بات چیت ہونی چاہئیے۔ بی جے پی کا ماننا ہے کہ یکساں سیول کوڈ نافذ ہونے تک صنفی مساوات ممکن نہیں۔