دہلی

انڈرورلڈ ڈان سے سیاستداں بنے ارون گاؤلی 18 سال بعد ضمانت پر رہا

انڈرورلڈ ڈان (جرائم پیشہ سرغنہ) اور سابق رکن اسمبلی ارون گاؤلی سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد چہارشنبہ کے دن ناگپور سنٹرل جیل سے رہا ہوئے۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس)انڈرورلڈ ڈان (جرائم پیشہ سرغنہ) اور سابق رکن اسمبلی ارون گاؤلی سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد چہارشنبہ کے دن ناگپور سنٹرل جیل سے رہا ہوئے۔

شیوسینا کارپوریٹر کملاکر جام سنڈیکر کے سنسنی خیز قتل کیس میں خاطی قرارپانے کے تقریباً 18 برس بعد انہیں ضمانت ملی ہے۔ جرائم پیشہ سرغنہ سے سیاستداں بنے 73 سالہ ارون گاؤلی 2012 سے ناگپور سنٹرل جیل میں عمرقید کی سزا کاٹ رہے تھے۔

ضمانت دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے یہ بات نوٹ کی کہ ارون گاؤلی پہلے ہی 18 سال سلاخوں کے پیچھے کاٹ چکے ہیں اور وہ عمررسیدہ ہیں۔ ان دو بنیادوں پر انہیں رہائی ملی۔ ارون گاؤلی ممبئی میں کسی وقت انڈرورلڈ کا نمایاں چہرہ تھے۔ 2004 میں وہ حلقہ اسمبلی بائیکلہ سے رکن منتخب ہوئے تھے۔

مارچ 2007 میں شیوسینا کارپوریٹر کملاکر جام سنڈیکر کو ممبئی میں اس کے مکان کے باہر گولی ماری گئی تھی۔ تحقیقات میں پتہ چلا تھا کہ ارون گاؤلی کی ایماء پر ان ہی کی گینگ نے یہ قتل کیا۔

کیس کی سماعت 2012 میں مکمل ہوئی تھی اور سیشن کورٹ نے عمرقید کی سزا سنائی تھی۔ دگڑی چال کا ڈیڈی کہلانے والے ارون گاؤلی کا انڈرورلڈ سے اسمبلی تک کا سفر کئی دہے تک سرخیوں میں بنا رہا۔