اڈانی، منی پور معاملے پر ہنگامہ: لوک سبھا بدھ تک ملتوی
اس کے بعد تمام اراکین نے خاموشی اختیار کی اور آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نئی دہلی: لوک سبھا میں اڈانی اور منی پور کے معاملے پر بحث کرانے کی مانگ کے حوالے سے اپوزیشن کے ہنگامہ آرائی کے باعث دوبار کے خلل کے بعد ایوان کی کارروائی بدھ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
جیسے ہی دوپہر 12 بجے ایوان دوبارہ شروع ہوا، اپوزیشن ارکان نے کھڑے ہو کر اڈانی اور منی پور کے معاملے پر شور مچانا شروع کر دیا اور پریزائیڈنگ آفیسر سندھیہ رائے نے نظم و ضبط برقرار رکھنے کی اپیل کا کوئی اثر نہ دیکھ کر کارروائی 27 نومبر تک ملتوی کر دی۔
منگل کو یوم دستور پر دونوں ایوانوں کی خصوصی میٹنگ ہوگی۔
آج ایوان کی میٹنگ دوبارہ شروع ہونے کے بعد اپوزیشن کے شور شرابے کے درمیان سماج وادی پارٹی کے دھرمیندر یادو کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ سنبھل، اتر پردیش میں تشدد کے سلسلے میں ان کی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔
مسٹریادو نے کہا کہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ اپنی کرسی بچانے کے لیے پوری ریاست کو تشدد کی آگ میں جھونک رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی اپوزیشن ارکان شور مچاتے ہوئے ایوان کے مرکز کی طرف آنے لگے۔
پریزائیڈنگ محترمہ رائے نے اپوزیشن ارکان سے کہا کہ وہ ہنگامہ نہ کریں اور ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلنے دیں۔
شور کم نہ ہوتے دیکھ کر انہوں نے اپوزیشن سے کہا کہ آپ ایوان کی کارروائی نہیں چلانا چاہتے۔
بڑھتے ہوئے ہنگامے کو دیکھتے ہوئے محترمہ رائے نے ایوان کی کارروائی بدھ (27 نومبر) کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی۔
قبل ازیں سرمائی اجلاس کے پہلے دن آج جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو لوک سبھا نے ایوان کے رکن رہے معزز افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ایوان جمع ہوتے ہی اجلاس کو دو موجودہ ممبران، ناندیڑ، مہاراشٹر سے چوہان وسنت راؤ بلونتراؤ اور مغربی بنگال سے ایس کے نورالاسلام کے انتقال کی اطلاع دی۔
اس کے علاوہ انہوں نے سابق ممبران ایم ایم لارنس، ایم پاروتی اور ہریش چندر دیورام چوہان کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا۔
اس کے بعد تمام اراکین نے خاموشی اختیار کی اور آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
خراج عقیدت کے بعد اپوزیشن ارکان نے اڈانی رشوت کا معاملہ اٹھانے کی کوشش کی تو ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔