حیدرآباد

شدید کہر: سائبرآباد اور راچہ کنڈہ پولیس کی ایڈوائزری جاری

پولیس نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ طلوع آفتاب کے چند گھنٹوں کے بعد جب راستہ صاف دکھائی دے گا‘تب سفر شروع کریں۔

حیدرآباد: شدید کہر کے موسم کے پیش نظر اور سڑک حادثات کے خطرہ کے امکان کو مد نظر رکھتے ہوئے سائبرآباد اور راچہ کنڈہ ٹرافک پولیس نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ صبح سویرے سفر سے گریز کریں کیونکہ صبح کے وقت گہرے دھند کی وجہ سے راستہ صاف دکھائی نہیں دے گا جس سے حادثات کے امکانات بڑھ جائیں گے۔

متعلقہ خبریں
ماہ صیام کا آغاز، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان
حیدر آباد کو بھاگیہ نگر بنانے بی جے پی امیدوار مادھوی لتا کی مہم
رضا احمد خان کوجواہر لال نہرو یونیورسٹی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی ڈگری
حیدرآباد کومشترکہ صدر مقام برقرار رکھنے کا مطالبہ،ہائی کورٹ میں عرضی
آنے والے دنوں میں گرم میں اضافہ ہوگا : محکمہ موسمیات

پولیس نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ طلوع آفتاب کے چند گھنٹوں کے بعد جب راستہ صاف دکھائی دے گا‘تب سفر شروع کریں۔ صبح سویرے‘ کہر کے سبب حادثات کے خطرہ کے پیش نظر پولیس نے یہ ایڈوائزری جاری کی ہے۔

گذشتہ سال سڑکوں پر شدید کہر کے دوران کئی حادثات پیش آئے تھے اسی لئے عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ سورج کی روشنی تیز ہونے کے بعد ہی اپنے سفر شروع کریں۔ صبح کے اوقات میں آؤٹررنگ روڈ (اوآرآر) ریاستی اور قومی شاہراہوں پر کہر کی دبیز چادر چھائی رہتی ہے اس لئے حادثات کے خطرات سے بچنے کے لئے یہ ایڈوائزری اہمیت کی حامل ہے۔

اگر کسی وجہ سے صبح سویرے سفر شروع کرنے کا اِرادہ کرلیا ہے تو اسے معطل کردیں یا کسی محفوظ مقام پر ٹھہرجائیں یا پھر عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ صبح میں سورج کی بہتر روشنی کے دوران اپنا سفر جاری رکھیں اور اپنا سفر شام سے قبل ختم کرنا چاہئے۔ ڈی سی پی ٹرافک (راچہ کنڈہ) ڈی سرینواس نے یہ بات بتائی۔ پولیس نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ مناسب رفتار سے گاڑیاں چلائیں۔

ایک گاڑی سے دوسری گاڑی کے درمیان فاصلہ برقرار رکھیں۔اس سے بڑے فاصلہ سے ایمرجنسی بریک لگانے میں مدد ملے گی۔ بریک لگانے سے قبل آئنہ سے پیچھے والی ٹرافک پر نظر رکھیں اور ہلکی بیم والی لائٹوں کا استعمال کریں تاکہ ڈرائیورس صاف طور پر آپ کو دیکھ پائے۔

سائبر آباد ٹرافک پولیس کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹی سرینواس راؤ نے کہاکہ راستہ میں گاڑیوں کو ٹھہرانے کے بجائے سڑک کے کنارے گاڑیوں کو پارک کریں تاکہ دوسری گاڑیوں کی آمد و رفت میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ کہر کی وجہ سے سڑکوں پر پارک گاڑیاں ڈرائیورس کو دکھائی نہ دینے سے اکثر حادثات پیش آتے ہیں۔

سنکرانتی تہوار کے لئے عوام‘ خانگی گاڑیوں کے ذریعہ اپنے آبائی مقامات روانہ ہوتے ہیں‘ ان افراد کو پولیس کی ہدایات پر عمل کرنا چاہئے۔ سائبرآباد کے ڈی سی پی ٹرافک نے کہاکہ کہر کے موسم کے دوران سفر کے وقت ہمیشہ خطرہ کی لال رنگ کی لائٹوں کو آن رکھنا چاہئے۔

سڑک پر نظریں جمائے رکھیں اور ٹرافک کا اندازہ لگانے کے لئے اپنے کانوں کا احتیاط سے استعمال کریں۔ بلند آواز میں موسیقی نہ سنیں اور ڈرائیونگ کے وقت سل فونس کا استعمال قطعی نہ کریں۔ اپنی گاڑی کی موجودگی سے دوسری گاڑیوں کو آگاہ کرنے کے لئے وقتاً فوقتاً ہارن کا استعمال کریں۔

لین تبدیل کرتے اور موٹر لیتے وقت گاڑی کی کھڑکی کو نیچے کرتے ہوئے ٹریفک کے بہاؤ کی آواز سنیں اور اگر کہر شدید رہنے کی صورت میں سفر جاری نہ رکھیں بلکہ حالات بہترہونے اور راستہ صاف دکھائی دینے کے بعد سفر جاری رکھیں۔