بین الاقوامیسوشیل میڈیاکرناٹک

افغان کرکٹر رحمت شاہ 32 سال کی عمر میں انتقال کرگئے؟ وائرل پوسٹ کے پیچھے کی حقیقت چیک کریں

اس پوری الجھن کا آغاز اس وقت ہوا جب افغان کرکٹر کریم جنت نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پشتو زبان میں ایک تعزیتی پوسٹ شیئر کی۔ بہت سے صارفین نے اس پوسٹ کا غلط ترجمہ کیا اور یہ سمجھ بیٹھے کہ خود رحمت شاہ کا انتقال ہو گیا ہے۔

کابل: سوشل میڈیا پر گزشتہ کچھ گھنٹوں سے یہ افواہ تیزی سے پھیل رہی ہے کہ افغانستان کرکٹ ٹیم کے 32 سالہ مایہ ناز بلے باز رحمت شاہ کا انتقال ہو گیا ہے۔ تاہم، تحقیقات کے بعد یہ معلوم ہوا ہے کہ یہ خبر بالکل جھوٹی اور بے بنیاد ہے اور رحمت شاہ بالکل خیریت سے ہیں۔

اس پوری الجھن کا آغاز اس وقت ہوا جب افغان کرکٹر کریم جنت نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پشتو زبان میں ایک تعزیتی پوسٹ شیئر کی۔ بہت سے صارفین نے اس پوسٹ کا غلط ترجمہ کیا اور یہ سمجھ بیٹھے کہ خود رحمت شاہ کا انتقال ہو گیا ہے۔

اصل میں انتقال رحمت شاہ کا نہیں، بلکہ ان کی والدہ محترمہ کا ہوا ہے۔ کریم جنت نے یہ پوسٹ رحمت شاہ کی والدہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرنے اور ان کے خاندان سے تعزیت کے لیے شیئر کی تھی۔

یہ غلط فہمی انسٹاگرام کے آٹو ٹرانسلیشن (خودکار ترجمے) کی وجہ سے پیدا ہوئی۔ جب صارفین نے انسٹاگرام پر پشتو متن کا ترجمہ کیا، تو وہاں غلطی سے یہ لکھا ہوا آیا کہ "افغان نیشنل کرکٹ ٹیم کے بہترین کھلاڑی رحمت شاہ کا انتقال ہو گیا ہے…”۔

لیکن جب اسی پشتو متن کا گوگل (Google) پر درست ترجمہ کیا گیا تو اصل حقیقت واضح ہو گئی۔ اصل پیغام یہ تھا:

"مجھے قومی کرکٹ ٹیم کے باصلاحیت کھلاڑی رحمت شاہ کی محترم والدہ کی وفات کی خبر سن کر انتہائی دکھ ہوا… میں رحمت شاہ اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔”

اس افواہ کے مزید پھیلنے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ کریم جنت نے تعزیتی پوسٹ میں رحمت شاہ کی تصویر لگا رکھی تھی۔ چونکہ متن پشتو میں تھا، اس لیے لوگوں نے بغیر پڑھے تصویر دیکھ کر یہ فرض کر لیا کہ کرکٹر کا انتقال ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ کریم جنت اس سے قبل بھی دیگر افغان کرکٹرز کی ماؤں کے انتقال پر اسی طرح تعزیتی پوسٹس شیئر کر چکے ہیں۔

رحمت شاہ کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس طرح کی حساس اور جھوٹی خبروں کو بغیر تصدیق کے شیئر نہ کریں اور رحمت شاہ کی والدہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کریں۔