سوشیل میڈیامہاراشٹرا

لفٹ کے پاس معمولی تکرار پر وحشیانہ تشدد، نوجوان نے خاتون پر تشدد کی انتہا کردی، ویڈیو وائرل

مہاراشٹر کے شہر پونے کی ایک رہائشی سوسائٹی سے انتہائی دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں لفٹ کے پاس شروع ہونے والا ایک معمولی سا جھگڑا دیکھتے ہی دیکھتے شدید تشدد میں تبدیل ہو گیا۔

پونے:ـ مہاراشٹر کے شہر پونے کی ایک رہائشی سوسائٹی سے انتہائی دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں لفٹ کے پاس شروع ہونے والا ایک معمولی سا جھگڑا دیکھتے ہی دیکھتے شدید تشدد میں تبدیل ہو گیا۔ ایک معمولی ٹکراو کے بعد شروع ہونے والی یہ بحث اس حد تک بڑھ گئی کہ نوجوان نے خاتون پر بے رحمانہ طریقے سے لاتوں اور گھونسوں کی بارش کر دی اور بعد میں پلاسٹک کی بالٹی سے ان کے سر پر وار کیا۔

متعلقہ خبریں
پونے میں گلاس فیکٹری میں حادثہ، 4 افراد ہلاک
آگ سے بچنے 80 سالہ خاتون کی چوتھی منزل سے چھلانگ
پیوندکاری کے لئے پھیپھڑے لے جانے والی ایمبولنس حادثہ کا شکار، طبی ٹیم کی بروقت کارروائی
امام و مؤذن کیلئے رہائشی عمارت کا سنگ بنیاد

یہ پوری واردات سوسائٹی میں لگے سی سی ٹی وی (CCTV) کیمرے میں قید ہو گئی، جس کی فوٹیج 15 مئی کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کیے جانے کے بعد تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نوجوان لفٹ سے باہر نکل رہا تھا اور وہاں پہلے سے کھڑی خاتون سے اس کا حادثاتی طور پر کندھا ٹکرا گیا۔ اس معمولی بات پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہو گئی۔

بحث کے دوران غصہ میں آکر خاتون نے پہلے نوجوان کو ایک تھپڑ مارا جس پر نوجوان نے فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا اور وہ خاموش رہا۔ تاہم، چند لمحوں بعد جب دوبارہ دونوں میں تکرار ہوئی تو خاتون نے دوسری بار تھپڑ مارنے کی کوشش کی جو چوک گئی۔

اس کے بعد صورتحال انتہائی خوفناک رخ اختیار کر گئی۔ نوجوان نے انتہائی طیش میں آکر خاتون کو ایک زوردار تھپڑ مارا، جس سے خاتون صدمے میں آ گئیں۔  نوجوان نے خاتون کو کندھوں سے پکڑا، اپنے گھٹنوں سے ان کے پیٹ پر پے در پے وار کیے اور انہیں بے رحمی سے زمین پر پٹھک دیا۔

خاتون زمین پر گرنے کے بعد شدید صدمے اور خوف کی حالت میں وہیں لیٹی رہیں، لیکن نوجوان کا غصہ یہیں ختم نہیں ہوا۔

وہ سائیڈ میں رکھی ایک بالٹی اٹھا کر لایا اور جب زمین پر پڑی خاتون رحم کی بھیک مانگ رہی تھیں، اس نے ان کا ہاتھ پکڑ کر بالٹی سے ان کے سر پر زور دار وار کیا۔ اس دوران اس نے خاتون کی کمر پر لاتیں بھی ماریں اور غصے میں ان کے بال پکڑ کر گھسیٹا۔

اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ لوگ روزمرہ کے چھوٹے موٹے تنازعات میں بڑھتے ہوئے عدم برداشت، غصے اور تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے مقامی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ویڈیو کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم نوجوان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔