افغانستان نے نیدرلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل کی امیدیں زندہ رکھیں
افغانستان نے آل راؤنڈر محمد نبی کی شاندار گیند بازی اور کپتان حشمت اللہ شاہدی کے ناٹ آوٹ 56 رن اور رحمت شاہ 52 رن کی نصف سنچری کی بدولت آج نیدرلینڈ کو یک طرفہ انداز میں سات وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کی اپنی امیدیں زندہ رکھیں۔
لکھنؤ: افغانستان نے آل راؤنڈر محمد نبی کی شاندار گیند بازی اور کپتان حشمت اللہ شاہدی کے ناٹ آوٹ 56 رن اور رحمت شاہ 52 رن کی نصف سنچری کی بدولت آج نیدرلینڈ کو یک طرفہ انداز میں سات وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کی اپنی امیدیں زندہ رکھیں۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں افغانستان کی چوتھی فتح ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی افغانستان پوائنٹس ٹیبل میں پاکستان سے اوپر پہنچ گیا ہے۔
180 رن کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پہلی وکٹ گرباز کی صورت میں 27 رن پر گری۔ اس کے بعد افغانستان کی دوسری وکٹ 11ویں اوور کی پہلی گیند پر 20 رن پر ابراہیم زدران کے طورپر گری۔ وان ڈیر مروے نے انہیں بولڈ کیا۔
25ویں اوور کی دوسری گیند پر رحمت شاہ کو 52 رن پر ثاقب ذوالفقار نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہو کر پویلین بھیجا۔
اس کے بعد افغانستان کے بلے بازوں نے کپتان حشمت اللہ شاہدی کے ناٹ آوٹ 56 رن اور عظمت اللہ عمرزئی کے ناٹ آوٹ 31 رن کی مدد سے 31.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 181 رن بنا کر میچ جیت لیا۔ نیدرلینڈز کی جانب سے لوگن وان بیک، وان ڈیر مروے اور ثاقب ذوالفقار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سخت گیندبازی اور چست فیلڈنگ کی بدولت افغانستان نے ورلڈ کپ کے میچ میں نیدرلینڈز کو 46.3 اوور میں 179 رن پر سمیٹ دیا۔
ایکانا اسٹیڈیم میں افغانستان نے عمدہ فیلڈنگ سے ہالینڈ کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کردیا۔ مجیب الرحمان کے پہلے ہی اوور میں ویسلے بریسی نے اپنی وکٹ گنوائی لیکن اس کے بعد میکس او ڈاؤڈ (42)، کولن ایکرمین (29)، سائبرینڈ اینجلبرخٹ (52) اور کپتان اسکاٹ ایڈورڈز (0) نے رن چرانے کی کوشش میں رن آوٹ ہوئے۔ دباؤ میں آنے والے ہالینڈ کے بقیہ پانچ کھلاڑی گیند بازوں نے اپنا شکار بنایا ۔
پہلی وکٹ کے جلدی گرنے کے بعد او ڈاؤڈ اور ایکرمین نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اسکور بورڈ کو 73 رن تک پہنچایا لیکن اس دوران ایکرمین رن چرانے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے۔
اسکاٹ ایڈورڈز نے بھی آتے ہی رن چرانے کی غلطی دہرائی اور چست فیلڈروں نے انہیں بھی آوٹ کردیا۔صرف 19 رن کے دوران تین اہم وکٹیں رن آؤٹ ہوتے ہوکر واپس جاتے دیکھ کر ہالینڈ کے کیمپ میں ہلچل مچ گئی۔
ہالینڈ کے کمزور حوصلے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے محمد نبی نے یکے بعد دیگرے تین وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو ڈرائیونگ سیٹ پر بٹھا دیا۔ اس دوران ایک سرے پر موجود سائبرینڈ اینجلبرخٹ (58) بھی رن آؤٹ کا شکار ہو گئے۔ دوسرے سرے پر نور محمد نے دو وکٹیں لے کر ہالینڈ کی ٹیم کا پچاس اوور کھیلنے کا منصوبہ توڑ دیا۔