شمالی بھارت

بی جے پی حکومتیں منظم طور پر ملک میں جین برادری کو نشانہ بنارہی ہیں: اکھلیش

سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے آج ممبئی میں ایک جین مندر کے حالیہ انہدام پر تشویش کااظہار کیا اور بی جے پی حکومتوں پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک بھر میں امن پسند جین برادری کو منظم طور پر نشانہ بنارہی ہیں۔

لکھنؤ۔ (پی ٹی آئی) سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے آج ممبئی میں ایک جین مندر کے حالیہ انہدام پر تشویش کااظہار کیا اور بی جے پی حکومتوں پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک بھر میں امن پسند جین برادری کو منظم طور پر نشانہ بنارہی ہیں۔

وہ میڈیا کے ایک گوشہ میں شائع ہونے والی اطلاعات پر ردِعمل ظاہر کررہے تھے جن میں کہا گیا تھا کہ ممبئی میں ایک جین مندر کو منہدم کردیا گیا ہے۔ یادو نے ایکس پر ایک پوسٹ میں جین برادری سے راست طور پر خطاب کیا اور کہا کہ آج کے دورمیں ملک میں اقلیت ہونا گناہ ہے۔

جین برادری میں موجود خوف، احساس عدم تحفظ اور غیریقینی کیفیت تشویش ناک ہے اور اس پر پوری دنیا کی توجہ مبذول ہوئی ہے اور اس کی مذمت کی جارہی ہے۔ یادو نے سلسلہ وار واقعات کو اجاگر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ اس برادری کے تئیں جارحیت کے بڑھتے رجحان کا حصہ ہے۔

انہوں نے مدھیہ پردیش کے سنگھولی میں جین بھکشوؤں پر پرتشدد حملہ کا حوالہ دیا۔ انہوں نے جبل پور میں افشاء کردہ آڈیو کلپ کا بھی حوالہ دیا جس میں بی جے پی ارکان نے جین مذہب کے ماننے والوں کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا ہے۔ انہوں نے ممبئی میں جین مندر کے انہدام کا بھی حوالہ دیا جہاں مقدس مورتیاں، مخطوطات اور کتب کی مبینہ طور پر بے حرمتی کی گئی۔

یادو نے سوال کیا کہ آخر ایسا کیوں ہوتا ہے کہ جہاں کہیں بی جے پی حکومتیں ہیں، جین مندروں کو، یاترا کے مقامات اور اداروں کو نشانہ بنانے کے ایسے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے حمایت یافتہ عناصر کی نہ صرف جین برادری کی مذہبی اور عام جائیدادوں پر نظر ہے، بلکہ ان کے خانگی اثاثوں پر بھی نظر ہے۔ انہوں نے ماضی کے واقعات دہراتے ہوئے گجرات کے شری گرنال جی سے متعلق تنازعہ، شری سامیدشیکھرجی میں مرکزی حکومت کی مداخلت اور اترپردیش کے ضلع باغپت میں ایک جین مورتی کی تنصیب کی مخالفت کی یاد دہانی کروائی۔

انہوں نے 2022ء میں مدھیہ پردیش کے نمچ میں 65 سالہ بھوون لال جین کے قتل کا بھی حوالہ دیا جو بی جے پی کے ایک طاقتور حامی نے کیا تھا۔ یادو نے مزید الزام لگایا کہ بی جے پی جین برادری کو صرف عطیات اور ووٹوں کے عدسہ سے دیکھتی ہے۔

کیا بی جے پی کا یہ ماننا ہے کہ ہماری اہمیت صرف عطیات دینے تک محدود ہے، ہمارے مذہب اور برادری کی حفاظت کون کرے گا۔ مندر کی تعمیر نو سے ہماری مورتیوں، مخطوطات اور جذبات کی جو توہین ہوئی ہے اس کی تلافی نہیں کی جاسکتی۔ یادو نے عدم تشدد، بقائے باہم اور ہمدردی کے جین فلسفہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جین ازم رواداری اور اخلاقیات کا ماڈل رہا ہے اور اس نے ہندوستان کے کلچر، معیشت اور تعلیم میں اہم حصہ ادا کیا ہے۔