تلنگانہحیدرآبادسوشیل میڈیا
ٹرینڈنگ

اکبرالدین اویسی کا بڑا بیان، بیٹے کے الیکشن لڑنے پر کہی بڑی بات؟ (ویڈیو)

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رکن اسمبلی اکبرالدین اویسی نے اپنے بیٹے کے انتخابی سیاست میں آنے سے متعلق قیاس آرائیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ ان کے بچوں کو سیاسی معاملات میں نہ گھسیٹا جائے۔

حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رکن اسمبلی اکبرالدین اویسی نے اپنے بیٹے کے انتخابی سیاست میں آنے سے متعلق قیاس آرائیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ ان کے بچوں کو سیاسی معاملات میں نہ گھسیٹا جائے۔

اکبرالدین اویسی نے کہا کہ بعض میڈیا حلقوں میں یہ بات کہی جارہی ہے کہ اگر وہ آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لیتے تو ان کے بعد ان کا بیٹا انتخابی میدان میں اترے گا۔ انہوں نے اس خیال کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نہ تو وہ اور نہ ہی ان کے بچے اس طرح کی سیاست میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا بیٹا حیدرآباد سے دور لندن میں ملازمت کررہا ہے اور اس کی انتخابی سیاست میں آنے کی کوئی خواہش نہیں ہے۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ ان کے بیٹے کو اس معاملے میں شامل نہ کیا جائے۔

اکبرالدین اویسی نے کہا کہ ان کی بیٹی کو بھی پہلے سیاسی تنازعات میں گھسیٹا گیا اور ان کے نام سے قائم ادارہ کو نشانہ بنانے کی کوششیں کی گئیں۔ اب ان کے بیٹے کو بھی اسی معاملے میں لایا جارہا ہے، جسے وہ درست نہیں سمجھتے۔

اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہوئے اکبرالدین اویسی نے کہا کہ وہ اپنی مرضی سے سیاست میں رہیں گے اور جب تک چاہیں گے عوام کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تنقید، الزامات یا دیواروں پر کچھ بھی لکھنے سے وہ خوفزدہ نہیں ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک وہ زندہ ہیں اور عوام کے نمائندے ہیں، محبت، دیانت داری اور خلوص کے ساتھ عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ اکبرالدین اویسی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آئندہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے تناظر میں ان کے سیاسی مستقبل اور ان کے بعد ان کے خاندان کے کسی فرد کے انتخابی میدان میں اترنے سے متعلق قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔