کالج ڈانس ویڈیوز کو سی جے پی کے احتجاج سے جوڑنے کا جھوٹا دعویٰ، حقیقت سامنے آگئی
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کے مطالبے پر دہلی اور ممبئی میں احتجاجی مظاہروں کے دوران سوشل میڈیا پر دو ویڈیوز تیزی سے وائرل ہوئیں، جن میں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں سڑکوں پر رقص کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
نئی دہلی: چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کے مطالبے پر دہلی اور ممبئی میں احتجاجی مظاہروں کے دوران سوشل میڈیا پر دو ویڈیوز تیزی سے وائرل ہوئیں، جن میں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں سڑکوں پر رقص کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان ویڈیوز کو سی جے پی کے احتجاج سے جوڑتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ مظاہروں کے دوران پیش کیے گئے رقص کے مناظر ہیں۔ تاہم، فیکٹ چیک میں یہ دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، پہلی ویڈیو تقریباً ایک منٹ کی ہے، جس میں نوجوانوں کا ایک گروپ بالی ووڈ گانے ’کریکٹر ڈھیلا ہے‘ پر رقص کرتا نظر آتا ہے۔ یہ ویڈیو 3 اکتوبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک صارف نے شیئر کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ یہ ممبئی کے شیواجی پارک میں سی جے پی کے احتجاج کے دوران ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس ویڈیو کو اب تک دو لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا اور ہزاروں صارفین نے اسے شیئر کیا۔ متعدد دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے بھی اسی دعوے کے ساتھ ویڈیو کو پھیلایا۔ بعض صارفین نے رقص کرنے والی خواتین کے خلاف توہین آمیز زبان بھی استعمال کی۔
دوسری ویڈیو میں سیاہ لباس پہنے نوجوان لڑکیوں کا ایک گروپ ’بن ٹھَن چلی بولو‘ گانے پر رقص کرتا دکھائی دیتا ہے۔ یہ ویڈیو 5 اکتوبر کو ایکس پر شیئر کی گئی تھی۔ اس کے ساتھ بھی دعویٰ کیا گیا کہ یہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کے مطالبے پر ہونے والے احتجاج کا منظر ہے۔
اس ویڈیو کو تقریباً چار لاکھ مرتبہ دیکھا گیا اور 1,800 سے زائد مرتبہ شیئر کیا گیا۔ بعض صارفین نے ویڈیو پر تبصرے کرتے ہوئے اسے گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کے بجائے ان کے اعزاز میں پیش کیا جانے والا رقص قرار دیا۔
فیکٹ چیک میں کیا سامنے آیا؟
پہلی ویڈیو کی حقیقت جاننے کے لیے اس کے مختلف مناظر کی تصاویر لے کر ریورس امیج سرچ کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں یوٹیوب پر ’Dev Ki Duniya [IIT Delhi]‘ نامی پیج کی جانب سے پوسٹ کردہ ایک ویڈیو سامنے آئی، جس کا عنوان ’Insane Girl vs Boy Dance Face-Off At Rendezvous!‘ ہے۔
اس ویڈیو میں وہی لباس اور وہی رقص دکھائی دیتا ہے جو وائرل ویڈیو میں نظر آتا ہے۔ ویڈیو کی تفصیلات کے مطابق، یہ آئی آئی ٹی دہلی کے ثقافتی میلے ’رینڈیزو‘ میں منعقدہ اسٹریٹ ڈانس مقابلے کی ریکارڈنگ ہے۔ اس پروگرام میں لڑکوں اور لڑکیوں کے گروپس نے رقص کے مقابلے میں حصہ لیا تھا۔