آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ کا خاموش بتی گل احتجاج
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے زیرِ اہتمام جاری وقف بچاؤ، دستوربچاؤ مہم تلنگانہ یونٹ کے کنوینرس مولاناغیاث احمد رشادی اور مولانا عمر عابدین قاسمی مدنی کے مطابق وقف بچاؤ دستور بچاؤ مہم کے تحت ایک اہم اور پرامن بتی گل احتجاجی مہم کا نفاذ چہارشنبہ 30 اپریل کو رات 9 بجے سے9:10بجے تک کیا جائے گا۔

حیدرآباد (پریس نوٹ) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے زیرِ اہتمام جاری وقف بچاؤ، دستوربچاؤ مہم تلنگانہ یونٹ کے کنوینرس مولاناغیاث احمد رشادی اور مولانا عمر عابدین قاسمی مدنی کے مطابق وقف بچاؤ دستور بچاؤ مہم کے تحت ایک اہم اور پرامن بتی گل احتجاجی مہم کا نفاذ چہارشنبہ 30 اپریل کو رات 9 بجے سے9:10بجے تک کیا جائے گا۔
اس احتجاج کی نوعیت منفرد پرامن اور علامتی ہے۔انہوں نے تلنگانہ اورآندھرا پردیش کے مسلمانوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اپنے گھروں کی روشنی صرف 10منٹ کے لئے بند کردیں تاکہ ایک مستحکم اور خاموش انداز میں اس ناانصافی کے خلاف آواز بلند کی جاسکے جو کہ وقف کی امانت میں مداخلت کی صورت میں سامنے آرہی ہے۔
یہ احتجاج صرف روشنی بند کرنے کا نام نہیں بلکہ امت کی وحدت اور دستوری تحفظ کے عزم کا اظہار ہے جس کا مقصد ملت اسلامیہ کے ان اداروں کے تحفظ کے لئے بیداری پیدا کرنا ہے جو نہ صرف دینی و تعلیمی شناخت کا ستون ہیں بلکہ فلاحی خدمات کا ذریعہ بھی ہیں۔
عوام الناس سے عمومی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس پرامن احتجاج میں بھرپور حصہ لیں، اور ائمہ کرام و خطباء عظام سے خصوصی درخواست ہے کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے میں پیش پیش رہیں خاص کر25اپریل جمعہ کے خطاب اور 30 اپریل چہار شنبہ کو بعد نمازمغرب و عشاء احتجاج کا اعلان کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس میں شریک ہو سکیں۔
یہ وقت بیداری، یکجہتی اور شعور کا ہے۔ خاموشی کے یہ 10 منٹ ملت کے اجتماعی شعور کی گواہ بنیں گے۔یہ دس منٹ وقف کے تحفظ اور دستور کے بقا کے لئے روشن پیغام ثابت ہوگا۔یہ دس منٹ ہماری وحدت، نظم اور شعوری احتجاج کی علامت ہوں گے۔آئیے ہر گھر کی روشنی بند ہو مگر ملت کا شعور روشن ہو۔ہر زبان خاموش ہو مگر دل صدائے احتجاج سے لبریز ہو۔