جماعت اسلامی کے کل ہند سہ روزہ اجتماع کا آغاز
اجتماع میں مختلف علمی‘ فکری‘ نظریاتی‘ اخلاقی‘ روحانی‘ دعوتی‘ تعلیمی‘ سماجی‘ سیاسی اور ملک کے موجودہ حالات پر گفتگو ہوگی۔ ملک وملت کے موجودہ حالات کے تناظر میں عدل وقسط کے قیام کی جدوجہد کے مطلویہ لائحہ عمل پر اراکین جماعت کی رہنمائی کی جائے گی۔
حیدرآباد: جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام ”عدل وقسط“ کے مرکزی عنوان کے تحت کل ہند اجتماع کا 15 نومبر کو بعد نماز جمعہ وادی ہدیٰ پہاڑی شریف گراؤنڈ میں امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی کے خطاب سے آغاز ہوگا۔ اس اجتماع میں ملک بھر سے 20 ہزار اراکین جماعت بشمول 5 ہزار خاتون ارکان شرکت کررہے ہیں۔
اجتماع کے کامیاب انعقاد کے لئے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں جس کے لئے 1500 کارکنوں پر مشتمل ٹیم رات دن انتظامات میں مصروف ہے۔ ناظم اجتماع عبدالجبار صدیقی نے آج ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملک کی مختلف ریاستوں سے اراکین جماعت کی بڑی تعداد اجتماع گاہ پہونچنا شروع ہوچکی ہے۔
اس سہ روزہ اجتماع 17 نومبر تک جاری رہے گا۔ اجتماع گاہ کے مختلف حصوں میں اراکین کے قیام وطعام اور نماز اور وضوع کے لئے بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ سہ روزہ پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کنوینر اور جماعت کے نائب امیر جناب ایس امین الحسن نے کہا کہ اجتماع کا مرکزی موضوع عدل وقسط“ ہوگا۔
اجتماع میں مختلف علمی‘ فکری‘ نظریاتی‘ اخلاقی‘ روحانی‘ دعوتی‘ تعلیمی‘ سماجی‘ سیاسی اور ملک کے موجودہ حالات پر گفتگو ہوگی۔ ملک وملت کے موجودہ حالات کے تناظر میں عدل وقسط کے قیام کی جدوجہد کے مطلویہ لائحہ عمل پر اراکین جماعت کی رہنمائی کی جائے گی۔
جس کے لئے اجتماع گاہ میں علحدہ علحدہ سیشن منعقد ہوں گے جس کو جماعت کے مختلف ذمہ داران اور ماہرین خطاب کریں گے۔ توقع ہے کہ اس اجتماع سے اراکین میں تحریک کے مقاصد‘ قیام عدل کے لئے محنت‘ جذبہ ایثار‘ باہمی محبت واحترام‘ فکری ہم آہنگی اور تحریکی شعور میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اجتماع گاہ میں ”ادراک تحریک شوکیس“ کے عنوان سے منفرد نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔
اس نمائش کے ذریعہ برادران وطن میں دعوتِ دین‘ اسلامی معاشرے کی تعمیر اور عدل وقسط کے قیام کے پیام کو اجاگر کیا جائے گا۔ یہ نمائش 4 مختلف موضوعات پر مشتمل رہے گی جس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ‘ سدھ بھاونا منچ‘ جماعت کے دعوت کا کام اور ڈیجیٹل دعوہ جس کے ذریعہ سوشل میڈیا اور ویب سائٹس پر مختلف زبانوں میں اسلامی لٹریچر اور دعوت کے کام کو اجاگر کیا جائے گا۔
اس نمائش میں جماعت کے نمائندے موجود رہیں گے جو نمائش میں آنے والوں سے گفتگو اور ان کی رہنمائی کریں گے۔ نائب امیر جماعت اسلامی ہند سلیم انجینئر محمدنے بتایا کہ 16 نومبر کو بعد مغرب جماعت کے کیڈر کا اہم اجلاس منعقد ہوگا۔ اس اجلاس میں ارکان کے ساتھ ساتھ متفقین اور ہمدردان تحریک کو بھی شرکت کی اجازت رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اجتماع گاہ سے متصل مقام پر رفاہ چیمبرز آف کامرس کے زیراہتمام بزنس ایکسپو کا انعقاد بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ اس ایکسپو میں ملک بھر سے 200 سے زائد تجارتی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے جس کا مقصد نئے صنعتوں کے قیام کے خواہشمندوں اور جن کو اپنی تجارت کو مزید فروغ دینا ہے‘ مختلف ماہرین اور تجربہ کار ان کی رہنمائی کریں گے۔ توقع ہے کہ کل ہند سطح کا یہ اجتماع کامیاب ثابت ہوگا۔ میڈیا کوآرڈینیٹر منظور احمد نے اجتماع کے لئے کئے جارہے مختلف انتظامات کا صحافیوں کو تفصیلی معائنہ کروایا۔