حیرت انگیزواقعہ،محبت کی شادی پر برہم والدین نے بیٹی کو ہی اغوا کرلیا! (ویڈیو وائرل)
رشتہ داروں نے شویتا کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر ڈال کر، کپڑوں سے باندھ دیا اور زبردستی گھسیٹتے ہوئے گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔ اس دوران پربین اور اُس کے اہلخانہ کو بھی لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے بری طرح زد و کوب کیا گیا۔
حیدرآباد: محبت کی شادی کرنے والی ایک لڑکی کو اُس کے اپنے والدین نے ہی اغوا کر لیا۔ یہ سنسنی خیز واقعہ مدچل ملکاجگیری ضلع کے کیسرہ علاقے میں پیش آیا، جس کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، شویتا نامی لڑکی نے اپنے ہی گاؤں کے نوجوان پربین سے چار ماہ قبل محبت کی شادی کی تھی۔ مگر شویتا کے والدین اس شادی کے سخت خلاف تھے۔ شویتا اپنی شادی کے بعد شوہر کے گھر میں رہ رہی تھی۔ لیکن والدین اور رشتہ داروں نے بدھ کی صبح اچانک پربین کے گھر پر دھاوا بول دیا۔
رشتہ داروں نے شویتا کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر ڈال کر، کپڑوں سے باندھ دیا اور زبردستی گھسیٹتے ہوئے گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔ اس دوران پربین اور اُس کے اہلخانہ کو بھی لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے بری طرح زد و کوب کیا گیا۔
یہ پورا واقعہ قریبی سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگیا، جس کے بعد علاقے میں ہلچل مچ گئی۔ واقعے کے بعد پربین نے فوری طور پر مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ پولیس نے اغوا اور حملے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے۔