جرائم و حادثات

آندھرا پردیش: نجی بس کی آٹو رکشہ کو ٹکر، سات افراد ہلاک

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہنومنتھا راؤ نے میڈیا کو بتایا کہ 11 افراد ضلع باپٹلہ کے کونڈامنجلورو گاؤں میں اپنے ایک رشتہ دار کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے۔ جب وہ پالناڈو ضلع کے اپنے آبائی گاؤں یلورو واپس جا رہے تھے، اسی دوران تیز رفتار نجی ٹریول بس نے آٹو رکشہ کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔

نرسا راؤ پیٹ: آندھرا پردیش کے پالناڈو ضلع میں چیلاکلوری پیٹ قصبے کے قریب کراس روڈ سینٹر پر جمعرات کی علی الصبح ایک نجی ٹریول بس نے آٹو رکشہ کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔


ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہنومنتھا راؤ نے میڈیا کو بتایا کہ 11 افراد ضلع باپٹلہ کے کونڈامنجلورو گاؤں میں اپنے ایک رشتہ دار کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے۔ جب وہ پالناڈو ضلع کے اپنے آبائی گاؤں یلورو واپس جا رہے تھے، اسی دوران تیز رفتار نجی ٹریول بس نے آٹو رکشہ کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔


حادثے میں بونتھا بابو (62)، بونتھا منمّا (55)، سمپورنامّا (70)، لکشمی امّا (75)، گنگمّا (50)، چاؤٹوپلی سوارثا (45) اور مریمّا (45) ہلاک ہوگئے۔


ڈی ایس پی نے بتایا کہ چار افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ تین نے اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آٹو رکشہ ڈرائیور نجی ٹریول بس کو دیکھے بغیر ہائی وے پر یو ٹرن لینے کی کوشش کر رہا تھا۔ یو ٹرن لینے کے لیے ڈرائیور نے اچانک بریک لگائی، جس کے باعث نجی بس کا ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا اور اس نے آٹو رکشہ کو ٹکر مار دی۔


زخمیوں میں سے دو کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے اور انہیں بہتر علاج کے لیے گنٹور کے سرکاری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے دلخراش سڑک حادثے اور سات افراد کی ہلاکت پر صدمے اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے عہدیداروں کو زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔


نائب وزیراعلیٰ کے پون کلیان اور وزیر داخلہ وی انیتا نے بھی حادثے میں سات افراد کی ہلاکت پر صدمے اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ نے پالناڈو ضلع کے ایس پی اور ضلع کلکٹر سے بات کرکے حادثے اور زخمیوں کی حالت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔