مہاراشٹرا

امیدوار چیف منسٹری کا اعلان کریں، ہم تائید کریں گے: ادھو ٹھاکرے

شیوسینا یو بی ٹی سربراہ ادھوٹھاکرے نے جمعہ کے دن این سی پی (ایس پی) صدر شردپوار اور کانگریس قائد پرتھوی راج چوان سے کہا کہ وہ مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن سے قبل امیدوارِ چیف منسٹری کا اعلان کریں۔

ممبئی: شیوسینا یو بی ٹی سربراہ ادھوٹھاکرے نے جمعہ کے دن این سی پی (ایس پی) صدر شردپوار اور کانگریس قائد پرتھوی راج چوان سے کہا کہ وہ مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن سے قبل امیدوارِ چیف منسٹری کا اعلان کریں۔

متعلقہ خبریں
بالاصاحب ٹھاکرے کا 27 ہزار ہیروں سے تیار کردہ پورٹریٹ
کیا ادھوٹھاکرے این ڈی اے میں شامل نہیں ہوں گے؟
آر ایس ایس پر امتناع عائد کردیا جائے گا:ادھوٹھاکرے
حکومت مہاراشٹرا میں گینگ وار چھڑگئی
اُدھوٹھاکرے کے قافلہ سے اضافی گاڑی ہٹادی گئی

انہوں نے تیقن دیا کہ وہ اس کی تائید کریں گے۔ ادھو ٹھاکرے نے ممبئی میں مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کی مشترکہ ریلی میں یہ بات کہی۔ سہ روزہ دورہ دہلی سے ان کی واپسی کے بعد یہ پہلی ریلی تھی۔ دہلی میں انہوں نے کانگریس اور انڈیا بلاک کے دیگر قائدین سے ملاقات کی تھی۔

اِس بیان کے ساتھ ادھو ٹھاکرے نے اپنے ناقدین کو خاموش کردیا ہے۔ مہاراشٹرا میں برسراقتدار مہایوتی نے الزام عائد کیا تھا کہ ادھوٹھاکرے اسمبلی الیکشن سے قبل چھوٹے لوگوں کے سامنے جھک رہے ہیں کیونکہ ان کی نظر چیف منسٹر کے عہدہ پر ہے۔ انہوں نے شیوسینا کی آئیڈیالوجی چھوڑ دی ہے۔

ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی میں سب کچھ ٹھیک ہے اور چیف منسٹر کے عہدہ پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ واحد مقصد مہایوتی حکومت کو بے دخل کرنا ہے۔ اسمبلی الیکشن سے قبل طاقت کے مظاہرہ کی سنجیدہ کوشش میں ادھو ٹھاکرے نے مہاوکاس اگھاڑی کے شرکاء اور کیڈر سے کہا کہ وہ نشستوں کے لئے نہ لڑیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم متحد رہ کر ہی مہایوتی حکومت کو بے دخل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہایوتی حکومت اچانک جاگ گئی ہے اور وہ ہر جگہ اپنی تصویریں چھپارہی ہے۔ ہمیں اسمبلی الیکشن لڑنے کی تیاری کرنی ہوگی۔ مہایوتی قائدین پوچھ رہے ہیں کہ مہاوکاس اگھاڑی کا امیدوارِ چیف منسٹری کون ہوگا۔

ادھو ٹھاکرے ہوں گے یا کوئی اور ہوگا۔ ادھوٹھاکرے نے کہا کہ میں یہاں شردپوار اور پرتھوی راج کی موجودگی میں کہنا چاہوں گا کہ اگر آپ کے پاس چیف منسٹری کا چہرہ ہے تو اعلان کیجئے میں تائید کروں گا۔ سابق چیف منسٹر نے مہایوتی کو فوری الیکشن لڑنے کا چیالنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی رائے میں الیکشن کمیشن کو آج ہی مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن کا اعلان کردینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تیار ہیں، تاہم یہ لڑائی اتنی آسان نہیں ہوگی۔ لوک سبھا الیکشن میں ہم نے اپنے سیاسی حریف کو ہرایا۔ لوک سبھا الیکشن دستور کو بچانے کی لڑائی تھا۔ اب یہ الیکشن مہاراشٹرا کے عزتِ نفس کی حفاظت کی لڑائی ہے۔ مہاراشٹرا کو لوٹنے کے لئے جو لوگ آئے ہیں، ان سے کہہ دینا ہوگا کہ یاتو تم رہوں گے یا ہم۔

ادھو ٹھاکرے نے وقف بل پر مودی حکومت کو نشانہئ تنقید بنایا اور پوچھا کہ یہ بل کیوں لایا گیا۔ اگر آپ میں ہمت تھی تو اس وقت یہ بل کیوں منظور نہیں کرالیا گیا جب آپ کو اکثریت حاصل تھی؟ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے ہمیں کورونا وائرس وباء کے دوران مہاوکاس اگھاڑی حکومت کا کام دیکھ کر بڑی تعداد میں ووٹ دیا۔

ہم این آر سی اور سی اے اے احتجاج کے دوران مسلمانوں کے ساتھ رہے۔ وزیراعظم مودی نے جلتی پر تیل چھڑکنے کے لئے وقف بورڈ بل لایا ہے۔ انہوں نے پوچھا کہ ایودھیا میں زمین کس نے دی؟ انکوائری کرائی جائے کہ کس ٹرسٹ کو اراضی دی گئی۔ کیدارناتھ سے سونا چوری ہوا۔

اِس کی بھی تحقیقات کرائی جائیں۔ مراٹھا کوٹہ تنازعہ پر انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو ریزرویشن کی حدبڑھانے کا حق حاصل ہے۔ بل لائیے ہم تائید کریں گے۔

a3w
a3w