کرناٹک میں 5 اسکیموں پر عمل آوری کا اعلان
سدارامیا نے اس کے لئے تاریخوں کا بھی اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے مفت بس سفر اسکیم 11 جون سے لاگو ہوجائے گی۔ 200 یونٹ تک مفت برقی جولائی سے ملے گی۔
بنگلورو: چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے جمعہ کے دن اعلان کیا کہ تمام 5 تیقنات پر اسی مالی سال میں عمل درآمد ہوگا۔ انہوں نے اس کے لئے تاریخوں کا بھی اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے مفت بس سفر اسکیم 11 جون سے لاگو ہوجائے گی۔ 200 یونٹ تک مفت برقی جولائی سے ملے گی۔
کنبوں کی خاتون سربراہوں کو 2 ہزار روپے اگست سے ملیں گے اور تمام بی پی ایل کارڈ ہولڈرس کو یکم جولائی سے 10کیلو چاول فری ملے گا۔ بنگلورو میں 3 گھنٹوں کے کابینی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تمام اسکیمیں ذات پات‘ مذہب یا زبان کی تفریق کے بغیر لاگو ہوں گی۔
سدارامیا نے کہا کہ 200 یونٹ مفت برقی کی پہلی گارنٹی کے تحت جولائی سے سبھی کو برقی مفت ملے گی۔ لوگوں کو جولائی میں استعمال کردہ پہلے 200 یونٹس کے لئے کچھ بھی دینا نہیں پڑے گا۔ اس کا بل اگست میں جنریٹ ہوگا۔بے جا استعمال کی روک تھام کے لئے پچھلے سال کی برقی کھپت کے اوسط پر 10 فیصد اضافہ کے ساتھ غور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بقایا معاف ہوجائے گا۔ گرہالکشمی اسکیم کے تحت کنبوں کی خاتون سربراہوں کو 2 ہزار روپے دینے کی اسکیم ملک کے 76 ویں یوم ِ آزادی کے موقع پر 15 اگست سے لاگو ہوگی۔
استفادہ کنندگان کو 15جون اور 15جولائی کے درمیان آن لائن درخواست بینک کھاتہ اور آدھار کارڈ کی تفصیلات کے ساتھ داخل کرنی ہوگا۔ 15 جولائی تا 15 اگست درخواتوں کی پراسیسنگ ہوگی۔
15 اگست سے یہ اسکیم شروع ہوجائے گی اور یہ اے پی ایل اور بی پی ایل یعنی خط ِغربت سے اوپر اور خط ِ غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے دونوں کارڈ ہولڈرس کے لئے ہوگی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی پی ایل کارڈ ہولڈرس کے تمام ارکان کو یکم جولائی سے اَن بھاگیہ اسکیم کے تحت 10 کیلو چاول یا غذائی اجناس مفت ملیں گے۔
اس اسکیم کو اَنت اُدئے کارڈ ہولڈرس تک بھی وسعت دی جائے گی۔ سدارامیا نے وضاحت کی کہ شکتی پروگرام کے تحت عورتوں کے ساتھ طالبات بھی 11 جون سے مفت سفر کرسکیں گی۔ یہ سہولت ریاست کے اندر کے ایس آر ٹی سی کی بسوں ا ور سٹی بسوں میں ہوگی۔ ان میں اے سی بسیں شامل ہیں۔