مشرق وسطیٰ

عرب امارات اور عمان کے درمیان ٹرین سروس کا اعلان

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور سلطنت عمان کے درمیان طے پانے والے ایک اہم معاہدے میں ایک ریلوے نیٹ ورک کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو دونوں ممالک کو آپس میں جوڑے گا۔

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات اور سلطنت عمان کے درمیان ریلوے نیٹ ورک کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان نقل و حمل میں تیزی آئے گی۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور سلطنت عمان کے درمیان طے پانے والے ایک اہم معاہدے میں ایک ریلوے نیٹ ورک کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو دونوں ممالک کو آپس میں جوڑے گا۔

یو اے ای نیشنل ریل نیٹ ورک کے ڈیولپر اور آپریٹر نے سلطنت عمان ریل کے ساتھ مشترکہ طور پر مساوی ملکیت والی کمپنی قائم کرنے کے لئے ایک معاہدہ کیا ہے، جسے عمان اتحاد ریل کمپنی کہا جائے گا۔

تین بلین ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری کے ساتھ، یہ آنے والا انفراسٹرکچر عمان کی صحار بندرگاہ کو ابو ظہبی سے جوڑ دے گا۔

یہ ریلوے لائن 303 کیلومیٹر پر محیط ہوگی جس پر جدید ترین مسافر ٹرینیں چلائی جائیں گی جو صحار سے ابو ظہبی کے سفر کے وقت کو ایک گھنٹہ 40 منٹ تک کم کر سکتی ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے صحار سے العین تک کا سفر صرف 47 منٹ کا رہ جائے۔

اس دوران مال بردار ٹرینیں 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ معاہدے پر اتحاد ریل کے سی ای او شادی مالک اور اسیاد گروپ کے سی ای او عبدالرحمن سالم الحاتمی نے دستخط کئے۔

ابو ظہبی گورنمنٹ میڈیا آفس نے بھی ایک ٹویٹ میں اعلان کیا کہ اس معاہدے کے تحت، نئی کمپنی اس اتحاد ریل منصوبے کے لئے بنیاد اور ورک پلان، بشمول اس کے مالیاتی طریقہ کار اور شیڈول بنائے گی۔

کمپنی دونوں ممالک کے معیارات کے مطابق ریل نیٹ ورک کے ڈیزائن، ترقی اور آپریشن کو بھی سنبھالے گی جو صحار اور ابو ظہبی کو جوڑتا ہے۔ ریلوے ٹریک کے ذریعے دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے ساتھ جوڑ کر انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کی صنعتوں میں نئے امکانات پیدا ہوں گے۔