مالدہ کی عدینہ مسجد کے قریب شیولنگم نصب کرنے کا اعلان
ایک ہندو تنظیم کے اس اعلان نے مغربی بنگال میں مندر۔ مسجد کی بحث پھر سے چھیڑدی ہے کہ وہ ضلع مالدہ میں 14 ویں صدی کی عدینہ مسجد کے قریب بڑا شیولنگم نصب کرے گی۔
مالدہ (مغربی بنگال) (پی ٹی آئی) ایک ہندو تنظیم کے اس اعلان نے مغربی بنگال میں مندر۔ مسجد کی بحث پھر سے چھیڑدی ہے کہ وہ ضلع مالدہ میں 14 ویں صدی کی عدینہ مسجد کے قریب بڑا شیولنگم نصب کرے گی۔
ریاست میں اب بی جے پی کی حکومت ہے۔ وہ پھر دعویٰ کررہی ہے کہ محکمہ آثارِ قدیمہ(اے ایس آئی) کے زیرتحفظ عمارت تاریخی آدی ناتھ مندر کے ملبہ پر بنی ہے۔ آدی ناتھ پراتن شیومندر کمیٹی نے حال میں عمارت کے قریب پوجا کی اور اعلان کیا کہ ضلع ہگلی کے تارکیشور سے 3.6 فیٹ اونچا اور 1.5 ٹن وزنی شیولنگم لاکر شراون کے مہینہ میں قریبی مندرمیں نصب کیا جائے گا۔
کمیٹی کے سرپرست کاجل گوسوامی نے جو بی جے پی قائد ہے‘ کہا ہے کہ ہم پیر کے دن ہمارے مندر کے اندر پوجا کریں گے اور شیولنگم لگادیں گے۔ موجودہ مسجد کی تعمیر کے لئے اصل آدی ناتھ مندر کو ڈھایا گیا تھا۔
ہم مسجد کے احاطہ کے اندر شیولنگم نصب کرنا چاہتے ہیں لیکن قانونی طریقہ سے اور عدالت کی اجازت ملنے کے بعد۔ ہم کوئی غیرقانونی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوں گے۔
گزشتہ برس یہ مسئلہ اس وقت سیاسی طورپر نمایاں ہوا تھا جب بہرام پور کے رکن پارلیمنٹ اور سابق کرکٹر یوسف پٹھان نے عدینہ مسجد جاکر تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔ مغربی بنگال بی جے پی نے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ عمارت مسجد نہیں ہے بلکہ تاریخی آدی ناتھ مندر ہے۔