تلنگانہ کابینہ میں ہیٹ کرائم بل کی منظور ی کا خیر مقدم جمعیۃ علماء
تلنگانہ و محترم حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب جنرل سیکریٹری جمعیت علما تلنگانہ نے اپنے مشترکہ بیان میں تلنگانہ حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند اور قابل تحسین قراردیا۔
بل کو جلد اسمبلی میں پیش کرنے اور تمام سیاسی جماعتوں سے تائید کرنے کی اپیل
حیدرآباد : تلنگانہ کابینہ میں نفرت انگیز تقاریر اور نفرت پر مبنی جرائم کی روک تھام کیلئے ’’ہیٹ اسپیچ اور ہیٹ کرائم روک تھام بل‘‘ 2026کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے حضرت مولانا شاہ سید احسان الدین صاحب صدر جمعیت علماء تلنگانہ و محترم حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب جنرل سیکریٹری جمعیت علما تلنگانہ نے اپنے مشترکہ بیان میں تلنگانہ حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند اور قابل تحسین قراردیا۔
ذمہ داران جمعیت نے کہا کہ یہ اقدام موجودہ حالات میں قومی سلامتی اور ملک وریاست میں امن وامان کیاستحکام کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ ہندوستان میں بڑھتی عدم رواداری، مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک، اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کو قومی دھارے سے الگ تھلگ کرنے کوششوںاور ساتھ ہی مسلمانوں میں موجود خوف اور احساس عدم تحفظ کے پیش نظر ہیٹ کرائم اورہیٹ تقاریر کیخلاف جمعیت علماء ہند کے صدر محترم حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب دامت برکاتہم کی ملک بھر میں جاری مسلسل اورانتھک جدوجہد اور ریاستی صدر محترم حضرت مولانا سید احسان الدین صاحب اور ساتھ ہی ریاستی جمعیۃعلماء کے تمام اکابر علما ئے کرام‘جمعیتی احباب‘ ذمہ داران‘قائدین‘اور کارکنوںکی محنتوں اور کوششوں کے سبب 23مارچ2026ء کو تلنگانہ کابینہ میں لئے جانے والے اس فیصلہ پر ہم بارگاہ ایزدی میں سجدہ شکر بجالاتے ہیں ۔
واضح رہیکہ پاسبان ملت حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب رحمہ اللہ کی قیادت میںریاستی جمعیۃ علماء نے اپنے اس مطالبہ کو کانگریس کے انتخابی منشور میں شامل کروایا تھا۔بعد ازاں انتخابات سے قبل نلگنڈہ ـ‘ ظہیر آبادکے بشمول ریاست کے تقریباً تمام اضلاع میں اس سے متعلق زبردست مہم چلائی گئی تھی جس کے دوران حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب دامت برکاتہم صدر جمعیۃ علماء نے ظہیر آباد کے جلسہ عام میں اس بل کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا تھا
پھر آخر میں ریاستی جمعیۃ علماء نے 5فروری کومیٹروکنونشن‘ حیدرآباد میں منعقدہ اجلاس عام میں چیف منسٹر ریونت ریڈی صاحب کو اس مطالبہ پر مشتمل میمورنڈم بھی پیش کیا تھا۔جنرل سیکریٹری ریاستی جمعیۃ علماء نے تمام ریاستی جمعیتی ذمہ داران کی جانب سے اس بل کی کابینہ میں منظوری کا خیر مقد م کرتے ہوئے قوی امید ظاہر کی کہ یہ بل جلد اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے پاس کرلیا جائیگا