حیدرآباد

بچہ کے رونے پر شوہر سے جھگڑا، خاتون نے ساڑی سے پھانسی لے لی

نظام آباد ضلع کے اوپلی سے تعلق رکھنے والا جوڑا منوج اور پوجیتا اُپل کے لکشمی نارائنا کالونی میں مقیم تھے۔ شوہر پرائیویٹ ملازمت کرتا تھا اور بیوی گھر میں آن لائن ٹیلی مارکٹنگ کا کام کرتی تھی۔

حیدرآباد: بچہ کے رونے پر شوہر سے ہوئے جھگڑے کے بعد بیوی نے بچہ کے جھولے کے لئے استعمال ساڑی سے پھانسی لے کر خودکشی کرلی ۔یہ واقعہ شہرحیدرآباد کے نواحی علاقہ اُپل میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق نظام آباد ضلع کے اوپلی سے تعلق رکھنے والا جوڑا منوج اور پوجیتا اُپل کے لکشمی نارائنا کالونی میں مقیم تھے۔ شوہر پرائیویٹ ملازمت کرتا تھا اور بیوی گھر میں آن لائن ٹیلی مارکٹنگ کا کام کرتی تھی۔

خاتون اپنے کام کے سلسلہ میں فون پر بات کررہی تھی کہ اسی دوران بچہ رونے لگا۔ اسی مسئلہ پر شوہر اوربیوی کے درمیان بحث وتکرار ہوگئی جس نے جھگڑے کی شکل اختیار کرلی۔

اس جھگڑے کے بعد شوہر، کام پر چلاگیا تاہم اس کی بیوی نے برہمی کے عالم میں بچہ کے جھولے کیلئے استعمال ہونے والی ساڑی کی مدد سے پھانسی لے لی۔

خاتون کے کافی دیر تک کمرہ سے باہر نہ نکلنے پر اس کی ساس کو شک ہوا جس پر اس نے دروازہ کھٹکھٹایا۔ جب کوئی جواب نہیں ملا تو مقامی افراد کے تعاون سے بالاخر دروازہ کو توڑا گیا جس پر خاتون کی لاش لٹکتی ہوئی پائی گئی۔