آندھراپردیش

اے پی: مچھیرے کے مکان پر جی پی ایس ٹیگ والا کبوتر پکڑا گیا

ضلع الوری سیتا راما راجو کے گولا گوڈیم گاؤں میں دریائے گوداوری کے کنارے ایک ماہی گیر کے گھر پر ایک باز اور کبوتر گر گئے اور مقامی لوگوں نے کبوتر کو پکڑلیا۔

حیدرآباد: آندھراپردیش کے الوری سیتاراما راجو ضلع میں پکڑے گئے کبوتر کے پیر پر لگے جی پی ایس ٹیگ سے مقامی افراد میں ہلچل مچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق ضلع الوری سیتا راما راجو کے گولا گوڈیم گاؤں میں دریائے گوداوری کے کنارے ایک ماہی گیر کے گھر پر ایک باز اور کبوتر گر گئے اور مقامی لوگوں نے کبوتر کو پکڑلیا۔

کبوتر کا معائنہ کیا گیا تو اس کی ٹانگ پر ٹیگ لگا ہوا تھا جو مقامی افراد کے لئے حیرت کا سبب تھا۔ اس ٹیگ پر نمبرات بھی تھے۔

ماہی گیر نے میڈیا کو بتایا کہ اس کو آواز آئی اور جب وہ مکان سے باہر آیا تو اس کو باز اور کبوتر نظرآیا۔ مقامی افراد کی مدد سے اس کبوتر کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی گئی۔ اس واقعہ کے ساتھ ہی مقامی افراد میں ہلچل مچ گئی۔

اس کبوتر کو دیکھنے کے لئے بڑی تعداد میں مقامی افراد جمع ہوگئے۔ اس بات کی اطلاع مقامی پولیس کو دی گئی۔

اس واقعہ کی ویڈیوز سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئیں۔ مقامی افراد میں اس واقعہ کے سلسلہ میں تجسس پایاجاتا ہے۔ پولیس ہر زاویہ سے اس معاملہ کی جانچ کررہی ہے۔