نہ لکڑی، نہ لوہا! مشروم سے بنی کشتی میں 42 کلومیٹر کا سفر، عالمی ریکارڈ قائم
امریکی فنکار نے مشروم کے مائیسیلیم سے کشتی تیار کرکے 42.43 کلومیٹر کا سمندری سفر 12 گھنٹے میں مکمل کیا، گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
لاس اینجلس۔ (ایجنسی) امریکہ کے ایک فنکار نے مشروم سے تیار کردہ کشتی میں سمندر کا 42.43 کلومیٹر طویل سفر مکمل کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔ سام شو میکر نامی فنکار نے کیلیفورنیا کے جزیرے کیٹالینا سے ساحلی علاقہ کیبریلو بیچ تک تقریباً 12 گھنٹے میں یہ سفر مکمل کیا۔
رپورٹ کے مطابق سام شو میکر نے کشتی تیار کرنے کے لیے مشروم کے جڑ نما حصے مائیسیلیم (Mycelium) کا استعمال کیا۔ اس کی تیاری میں تقریباً سات ہفتے لگے جبکہ اسے مضبوط اور سمندری سفر کے قابل بنانے کے لیے مزید کئی ماہ محنت کی گئی۔ کشتی کی لمبائی 3.6 میٹر اور وزن 48.5 کلوگرام تھا۔
اگست 2025 میں کیے گئے اس سفر کے دوران انہیں تیز سمندری لہروں اور مخالف دھاراؤں کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک موقع پر انہیں خدشہ بھی ہوا کہ کشتی ٹوٹ سکتی ہے۔ تاہم حالات بہتر ہونے کے بعد انہوں نے اپنا سفر جاری رکھا۔ اس دوران ایک فن وہیل مچھلی تقریباً دو گھنٹے تک ان کی کشتی کے ساتھ ساتھ تیرتی رہی۔
اس کامیابی پر انہیں مائیسیلیم سے تیار کردہ کشتی کے ذریعے سب سے طویل انفرادی سفر کا گنیز ورلڈ ریکارڈ دیا گیا۔
سام شو میکر کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد مشروم کو صرف خوراک یا فن پاروں تک محدود رکھنے کے بجائے ایک کارآمد مٹیریل کے طور پر پیش کرنا تھا۔ اگرچہ انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ کشتی عام کشتیوں کے مقابلے میں بھاری اور سست تھی، لیکن یہ تجربہ مشروم کے غیر معمولی استعمال کو ظاہر کرنے میں کامیاب رہا۔