بین الاقوامیسوشیل میڈیاقومی

71 بلیوں کو فلیٹ میں چھوڑ کر غائب، 9 کی دردناک موت، خاتون کو 16 ہفتوں کی جیل

سنگاپور میں 71 بلیوں کو فلیٹ میں چھوڑنے کا معاملہ، 9 ہلاک، دیگر بھوک اور پیاس سے نڈھال، خاتون کو 16 ہفتوں کی جیل

سنگاپور (منصف نیوز ڈیسک) سنگاپور میں 71 بلیوں کو ایک فلیٹ میں بے یار و مددگار چھوڑنے کے معاملہ میں 33 سالہ خاتون کو 16 ہفتوں کی جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔ ان بلیوں میں سے 9 ہلاک ہوگئیں جبکہ دیگر بلیاں بھوک اور پیاس کے باعث شدید کمزوری کا شکار پائی گئیں۔

اخبار ’دی اسٹریٹس ٹائمز‘ کے مطابق نورال ندیا نور محمد کو 12 نومبر کو عدالت نے جانوروں کو تکلیف پہنچانے کے 24 الزامات میں قصوروار قرار دیتے ہوئے سزا سنائی۔ اس کے علاوہ انہیں 12 ماہ تک پالتو جانور رکھنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔

خاتون اور ان کے سابق شوہر نے 2018 میں ایک فلیٹ خریدا تھا۔ 2019 سے انہوں نے بلیاں پالنا شروع کیا، لیکن ان کی تعداد بڑھتی گئی۔ اپریل 2022 میں دونوں فلیٹ چھوڑ کر شوہر کے والدین کے ساتھ رہنے چلے گئے اور بلیوں کو وہیں چھوڑ دیا۔ بل ادا نہ کرنے کے باعث فلیٹ کی برقی اور پانی کی سربراہی بھی منقطع ہوگئی۔

20 فروری 2024 کو ایک پڑوسی نے فلیٹ کے باہر ایئرکنڈیشنر کی جگہ پر ایک کمزور بلی کو دیکھا اور حکام کو اطلاع دی۔ بعد ازاں حکام نے فلیٹ میں داخل ہوکر 61 زندہ بلیوں، 3 مردہ بلیوں کی لاشیں، 6 کھوپڑیاں اور ہڈیوں کی باقیات برآمد کیں۔

فلیٹ میں ہر طرف گندگی اور بلیوں کی غلاظت پھیلی ہوئی تھی۔ طبی معائنے میں تمام 61 بلیاں پانی کی کمی کا شکار پائی گئیں، جبکہ 44 بلیاں انتہائی کمزور تھیں۔ حکام کے مطابق دروازے کے باہر رکھا جانے والا کھانا اتنی بڑی تعداد میں بلیوں کے لیے ناکافی تھا۔